Thursday, May 9, 2024

بھارت پاکستان کو جنگ میں شکست نہیں دے سکتا ، بھارتی دفاعی ماہرین

بھارت پاکستان کو جنگ میں شکست نہیں دے سکتا ، بھارتی دفاعی ماہرین
December 30, 2020

نئی دہلی (92 نیوز) بھارت کے دفاعی ماہر این سی استھانہ نے خطے کے خودساختہ ٹھیکیدار کا بھانڈا پھوڑ دیا اور کہا بھارت پاکستان کو جنگ میں شکست نہیں دے سکتا۔

پاکستان کا دفاع مضبوط ہی نہیں ناقابل تسخیر ہے۔ بھارتی دفاعی ماہرین بھی مان گئے۔

این سی استھانہ نے اپنی نئی کتاب میں انکشاف کیا ہے کہ ایٹمی پاکستان کی ہار کے خواب غیر حقیقت پسندانہ ہیں۔ انتخابی فوائد کیلئے پاکستان کا نام استعمال کرنا بھارتی قائدین کی عادت بن چکی۔ بھارتی سیاستدان عوام کو جنگ کی طرف اکسا رہے ہیں۔ بھارت نے 2014 سے اب تک 5 سال میں اسلحہ کی درآمد پر 14 ارب ڈالر خرچ کیے۔

بھارتی دفاعی ماہر کا کہنا ہے کہ حقیقت یہ ہے کہ بھارت کسی بھی ملک کو شکست نہیں دے سکتا۔ اگرپاکستان کو محسوس ہوا کہ وہ روایتی جنگ ہارنے والا ہے تو وہ فوری ایٹمی ہتھیار استعمال کرے گا جس کا بھارت کے پاس کوئی توڑ نہیں۔

این سی استھانہ کہتے ہیں بھارت پاکستان کے بڑے خطے پر قبضہ کرے یا بری و فضائی افواج کو بڑا نقصان پہنچائے تو ایٹمی ہتھیار استعمال ہوں گے۔ بھارت پاکستان کا معاشی طور پر گلا گھوٹے یا سیاسی عدم استحکام سے دوچار کرے تو بھی ایٹمی ہتھیار استعمال ہوں گے۔ بحری ناکہ بندی اور دریائے سندھ کے پانی کو روکنا بھی پاکستان کو مسائل کا شکار کرنے کی بدیانتی کے مترادف ہے۔