Tuesday, May 7, 2024

بھارت، پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کیلئے اپنے پارٹنرز کی اجازت کا منتظر ہے، شاہ محمود

بھارت، پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کیلئے اپنے پارٹنرز کی اجازت کا منتظر ہے، شاہ محمود
December 18, 2020

ابو ظہبی (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی مذموم مقاصد سے پردہ اٹھا دیا، کہتے ہیں بھارت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے خطرناک کھیل کھیلنا چاہتا ہے اور پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کیلئے اپنے پارٹنرز کی اجازت کا منتظر ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ابو ظہبی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان کیخلاف بھونڈے ہتھکنڈے استعمال کرنے کی کوشش کررہا ہے، پاکستان ان سازشوں سے مکمل طور پر آگاہ ہے، کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کو امتیازی سلوک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت کوئی شرارت کر سکتا ہے۔ بھارت پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کی تیاری کررہا ہے، یہ انتہائی نازک صورتحال ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے کی کوشش کررہا ہے، ڈس انفولیب رپورٹ نے بھارت کی سازشوں سے پردہ چاک کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے فوجی کارروائی کی تو بھرپور جواب دیں گے، بھارت نے اگر کوئی حرکت کی تو اس سے افغان امن عمل بھی متاثر ہوگا، پاکستان گزشتہ سال کی طرح کسی بھی کارروائی کی صورت میں مؤثر جواب دیگا۔