Sunday, May 5, 2024

بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے : سرتاج عزیز ،خواجہ آصف

بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے : سرتاج عزیز ،خواجہ آصف
November 25, 2016

اسلام آباد(92نیوز)قوم اسمبلی میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارت کنٹرول لائن پر کشیدگی بڑھا کرکشمیر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ ہم امن چاہتے ہیں اور سفارتی محاذ پر سرگرم ہیں  وزیردفاع خواجہ آصف کہتے ہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے ۔اقوام متحدہ کو بھارتی مداخلت کے ثبوت بھی دےدیئے ہیں ۔

تفصیلات کےمطابق ایوان زیریں میں خطاب کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہناتھاکہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے۔ بھارت چاہتا ہے کہ کنٹرول لائن پر کشیدگی بڑھے اور کشمیر سے توجہ ہٹے لیکن ہم امن چاہتے ہیں اور سفارتی محاذ پر سرگرم ہیں۔ ہم بھارت کے ساتھ ہر معاملے پر مذاکرات کریں گے بشرطیکہ کشمیر مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل ہو ہم اپنی پالیسی کو لیکر چل رہے ہیں اور کامیاب ہونگے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچوں مستقل ارکان کے وزرائے خارجہ کو خط لکھا ہے۔ وزیردفاع خواجہ آصف نے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر پاکستان پہل نہیں کرتا البتہ بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جاتا ہے۔ ہمارا ایک جوان شہید ہوتا ہے تو بھارت کو تین گنا زیادہ نقصان اٹھاتا پڑتا ہے۔ بھارت نہیں چاہتا کہ کشمیر کی تحریک کامیاب ہو ورنہ بھارت تتر بتر ہوجائے گا بھارت میں انتخابات قریب ہیں، ووٹ لینے کیلئے وہاں شدت پسندانہ جذبات کو ابھارا جا رہا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔ ہم نے اقوام متحدہ کو بھارتی مداخلت کے ثبوت بھی دیئے۔ سی پیک پربھی بھارت کو بہت تکلیف ہے۔ سی پیک منصوبہ ہر صورت میں مکمل ہو گا، بھارت ایسا نہیں چاہتا  قومی اسمبلی کا اجلاس پیر شام ساڑھے پانچ بجے تک ملتوی کردیا گیا۔