Friday, March 29, 2024

بھارت پاکستان میں امن اور معاشی خوشحالی کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، شاہ محمود

بھارت پاکستان میں امن اور معاشی خوشحالی کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، شاہ محمود
November 15, 2020
ملتان (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ بھارت پاکستان میں امن اور معاشی خوشحالی کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، صرف باتیں ہی نہیں کیں شواہد بھی پیش کئے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت باقاعدہ منصوبہ بندی کے ذریعے پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے، بھارت نے پڑوسی ملک میں ٹریننگ کیمپس قائم کر رکھے ہیں، جہاں دہشت گردوں کو ٹریننگ دی جا رہی ہے، بھارت سی پیک کے پراجیکٹ کو نشانہ بنانا چاہتا ہے، بھارت گلگت بلتستان میں عدم استحکام کی کوشش میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ٹھوس ثبوت عالمی برادری کے سامنے رکھے ہیں۔ عمران خان نے اپنی ٹویٹ کے ذریعے اس معاملے کو اجاگر کیا، یہ پاکستان کی خوشحالی اور سالمیت کا مسئلہ ہے، ہم نے بھارتی عزائم کو ناکام بنانا ہے، سب اداروں نے مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ بھارتی عزائم کو بے نقاب اور ناکام کرنے کے لئے پوری قوم کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ شاہ محمود قریشی بولے کہ بھارت پاکستان کی صلاحیتوں کو جانتا ہے، جنوبی ایشیاء کا امن داؤ پر لگ سکتا ہے، پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی قوتیں ہیں۔ دنیا کو بھارت کو کہنا چاہیئے کہ عقل کے ناخن لے۔ اُن کا کہنا تھا کہ افغانستان کا امن و استحکام پاکستان سے جڑا ہوا ہے، پاکستان اور افغانستان کو مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ بھارت کے ساتھ سفارتی سطح پر بات ہو رہی تھی، ہم نے شواہد کو یکجا کیا ، تب ہم نے اسے پبلک کرنے کا فیصلہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ اپوزیشن کو جلسے ملتوی کرنے کا مشورہ دے دیا، کہتے ہیں اپوزیشن چار لوگ جمع کرکے سمجھتی ہے بڑا انقلاب آگیا وہ جان لے ووٹر اپنی مرضی سے ہی ووٹ دیتا ہے۔ ہم پی ڈی ایم کے جلسوں سے گھبرائے نہیں ہیں، اللہ نہ کرے کسی جلسے میں کوئی نا خوشگوار واقعہ رونما ہوتا ہے تو ذمہ داری ہم پر عائد ہو گی۔ کورونا کی دوسری لہر کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیئے۔