Friday, April 19, 2024

بھارت پاک چین تعلقات میں مداخلت سے گریز کرے : سرتاج عزیز

بھارت پاک چین تعلقات میں مداخلت سے گریز کرے : سرتاج عزیز
June 2, 2015
اسلام آباد(92نیوز)پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے بیان پر پاکستان نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بھارت پاک چین تعلقات میں مداخلت سے گریز کرے۔ تفصیلات کے مطابق بغل میں چھری منہ میں رام رام،بھارتی سرکار روز اول سے پاکستان دشمنی پر عمل پیرا ہے،نریندر مودی ایک طرف تو پاکستان سے مذاکرات کرتے ہیں دوسری طرف پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری اور پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف سازشیں کررہے ہیں ۔ پاکستان نے اس دوغلے پن اور سازشوں پر ایک بار پھر بھارت کو خبردار کیا ہے،وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی  سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات مثالی ہیں، بھارت ان تعلقات میں مداخلت سے باز رہے۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پورے خطے کے لئے خوشحالی کا ذریعہ بنے گا،پاکستان کسی دوسرے ملک کے معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر عمل پیرا ہےدوسروں کو بھی مداخلت سے گریز کرنا چاہئے۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔