Wednesday, May 1, 2024

بھارت : پانچ ریاستوں کے انتخابی نتائج کا اعلان ،اترپردیش اور اتراکھنڈ میں بی جے پی کا پلڑا بھاری

 بھارت : پانچ ریاستوں کے انتخابی نتائج کا اعلان ،اترپردیش اور اتراکھنڈ میں بی جے پی کا پلڑا بھاری
March 11, 2017
نئی دہلی (ویب ڈیسک)بھارت کی پانچ ریاستوں کے انتخابی نتائج کا اعلان کر دیا گیا سب سے بڑی ریاست اتر پردیش اور اتراکھنڈ  کا میدان بی جےپی  کے نام  رہا ۔ پنجاب میں کانگریس نےتمام حریفوں کو چاروں شانے چت کردیا گوا اور منی پورمیں کانگریس کا پلڑا بھاری رہا۔ تفصیلات کےمطابق بھارت کے ریاستی انتخابات میں سب نظریں اتر پردیش پر لگی تھیں جس کی چار سو تین نشستوں پر بی جے پی کا سیاسی مستقبل داؤپر لگا تھا ،،بی جے پی نے تین سو چوبیس سیٹیں حاصل کرکے سب کو حیران کردیا بھارتی میڈیا کے مطابق جیسے جیسے غیر سرکاری نتائج سامنے آنا شروع ہوئے تو  اتر پردیش سمیت پورے بھارت میں بی جے پی کے حامیوں نے جشن منانا شروع کردیا۔ ابتدائی نتائج میں ،وزیر اعلیٰ اکلیش یادیو کی سماج وادی پارٹی محض  پچپن نشستوں پر ہی کامیاب ہوسکی ۔ دوسری جانب پنجاب میں بی جے پی اور حکمران اکالی دل کے اتحاد کو بری طرح شکست کا منہ دیکھنا پڑا جہاں ایک سو سترہ رکنی اسمبلی میں کانگریس نے 77نشستیں حاصل کرکے سادہ اکثریت حاصل کرلی ۔عام آدمی پارٹی بائیس سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہی۔چار بار وزیر اعلیٰ رہنے والے پرکاش سنگھ بادل نے انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کرلی۔ ادھر ریاست اتراکھنڈ کی ستر نشستوں   پر بی جے نے ستاون سیٹوں پر فتح سمیٹ لی  منی پور کی ساٹھ نشستوں پر کانگریس نے 29اور بی جے پی نے 21سیٹوں پر فتح سمیٹی ،دیگر جماعتوں کے حصے میں دس سیٹیں آئیں  گوا میں چالیس رکنی ریاستی اسمبلی کی اٹھارہ نشستیں کانگریس اور چودہ بی جے پی کے حصے میں آئیں ۔