Monday, September 16, 2024

بھارت نے پاکستانی طیارے کو اپنی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا

بھارت نے پاکستانی طیارے کو اپنی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا
August 16, 2016
لاہور (92نیوز) تنگ نظر بھارت نے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی ایک اور کوشش کر ڈالی۔ پشاور سے کوالالمپور جانے والے طیارے کو بھارتی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا۔ پائلٹ کو طیارہ لاہور ایئرپورٹ پر اتارنا پڑا۔ پاکستان نے احتجاج کیا تو ایک گھنٹے دس منٹ بعد بھارت نے پاکستانی جہاز کو اپنی فضائی حدود میں داخلے کی اجازت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق پشاور سے کوالالمپور کیلئے رواں دواں پی آئی اے کے طیارے کو بھارت نے اپنی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا۔ بوئنگ 777 طیار ے پی کے 894 میں 250 سے زائد مسافر سوار تھے مگر بھارتی حکام نے پاکستانی جہاز کو اپنی فضائی حدود میں داخلے کی اجازت نہیں دی۔ پائلٹ جہاز کو داخلے کی اجازت نہ دینے کی وجوہات بھارتی حکام سے دریافت کرتا رہا مگر کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ آخر کار پائلٹ نے جہاز کو شام 6 بج کر 50 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ پر اتار دیا۔ پاکستانی سول ایوی ایشن حکام نے بھارت کے سول ایوی ایشن حکام سے ہاٹ لائن پر رابطہ کیا اور معاملے کو حل کرنے کی کوشش کی مگر بھارتی حکام ایک گھنٹہ دس منٹ تک لیت و لعل سے کام لیتے رہے اور بالآخر 8 بجے رات اس جہاز کو بھارتی حدود میں داخلے کی اجازت ملی۔