Saturday, May 4, 2024

بھارت نے قیام پاکستان کو دل سے تسلیم نہیں کیا، گاندھی نے نفرت کے بیج بوئے، مودی کے آنے سے امن کی امیدیں دم توڑ گئیں، بھارتی وزیراعظم ثابت کریں کہ بھارت پاکستان کیلئے خطرہ نہیں: امریکی جریدہ

بھارت نے قیام پاکستان کو دل سے تسلیم نہیں کیا، گاندھی نے نفرت کے بیج بوئے، مودی کے آنے سے امن کی امیدیں دم توڑ گئیں، بھارتی وزیراعظم ثابت کریں کہ بھارت پاکستان کیلئے خطرہ نہیں: امریکی جریدہ
May 27, 2015
واشنگٹن (92نیوز) امریکی جریدے فارن پالیسی میگزین نے بھارت کی پاکستان دشمنی کو بے نقاب کر دیا۔ فارن پالیسی میگزین کے مطابق امن کیلئے کوششوں کی ناکامی کا ذمہ دار بھی بھارتی لیڈر اور ان کے رویے ہیں، بھارت نے پاکستان کے قیام کو ہی قبول نہیں کیا تھا۔ ا مریکی جریدے فارن پالیسی میگزین نے لکھا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کی تقریب میں پاکستانی ہم منصب کو بلایا جس سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری کی امید پیدا ہوئی لیکن مودی حکومت کا ایک سال پورا ہونے سے پہلے یہ امیدیں دم توڑ گئیں۔ مودی کی حکومت میں پاکستان کے بارڈر پر سخت ترین جھڑپیں ہوئیں۔ یہ حقیقت ہے کہ بھارت نے پاکستان کو اس کے قیام سے ہی کھلے دل سے تسلیم نہیں کیا۔ برصغیر کی تقسیم کے چند ہی گھنٹوں میں بدترین فسادات ہوئے، 2لاکھ سے زائد انسان مارے گئے، پاکستان پر مہاجرین کا بوجھ پڑا۔ نئی مملکت پاکستان کی حکومت اور معیشت مفلوج ہو گئی۔ بھارت نوزائیدہ پاکستان کے مرنے کے خواب دیکھتا رہا، خود کو سچائی اور عدم تشدد کا دیوتا کہلوانے والے مہاتما گاندھی نے پاکستان کے عوام میں احساس عدم تحفظ کے بیج بوئے۔ گاندھی نے پاکستان کو ناکام قرار دیا، گاندھی نے تحریک آزادی میں مذہب کو گھسیٹا۔ گاندھی کا ہندو قوم پرستی کا نظریہ آج بھی بھارت کے سیکولرازم کے دعوے میں بڑی رکاوٹ ہے۔ گاندھی کے ساتھیوں جواہر لال نہرو اور ولبھ بھائی پٹیل نے مسلمانوں کو بھارت سے ہجرت پر مجبور کیا۔ مسلم اکثریتی صوبوں پنجاب اور بنگال کو تقسیم کرایا۔ اثاثوں کی تقسیم میں نہرو اور پٹیل نے گڑ بڑ کی، ریاست جونا گڑھ اور کشمیرپر قبضہ کیا گیا، کشمیر پر قبضے کیلئے گاندھی نے عدم تشدد کا فلسفہ بھی چھوڑ دیا۔ بھارتی لیڈر آج بھی پاکستان کے بارڈر پر اشتعال انگیزی کرکے پاکستان کے عدم تحفظ کو بڑھاوا دیتے ہیں۔ ولبھ بھائی پٹیل کو آئیڈیل ماننے والے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ان کے فلسفے پر عمل پیرا ہیں۔ مودی اگر واقعی پاکستان کے ساتھ تعلقات میں جمود کو توڑنا چاہتے ہیں تو مودی کو ثابت کرنا ہو گا کہ بھارت پاکستان کیلئے خطرہ نہیں۔