Thursday, April 25, 2024

بھارت نے فوج بھیج کر کشمیریوں کے بنیادی حقوق سلب کیے، وزیر اعظم عمران خان

بھارت نے فوج بھیج کر کشمیریوں کے بنیادی حقوق سلب کیے، وزیر اعظم عمران خان
October 27, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) کشمیریوں کے یوم سیاہ کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت نے فوج بھیج کر کشمیریوں کے بنیادی حقوق سلب کیے۔ کشمیریوں کے یوم سیاہ کے موقع پر صدر ، وزیر اعظم ، بلاول بھٹو سمیت دیگر اہم رہنماؤں نے اپنے پیغامات دیئے۔ صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے کشمیریوں کے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھےگا۔ پاکستان کشمیریوں کے حق رائے دہی کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت نے کشمیر میں اپنی فوج بھیج کر کشمیریوں کے بنیادی حقوق سلب کیے۔ وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی طرف سے سفارش کردہ تحقیقاتی کمیشن جلد قائم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مسئلہ کشمیر کو ایک فلیش پوائنٹ قرار دے دیا۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی۔ حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری 71 سال سے بھارتی تسلط سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ بھارتی ظلم و تشدد سہتے تین نسلیں قربان، چوتھی زخموں سے چور ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے بھی کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا اور وفاقی وزیر کشمیر افیئرز علی امین گنڈا پور نے بھی اپنے پیغام میں کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔