Saturday, April 20, 2024

بھارت نے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پابندیاں مزید سخت کر دیں

بھارت نے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پابندیاں مزید سخت کر دیں
August 3, 2020
 نیو دہلی (92 نیوز) بھارت نے اپنے غیرقانونی اور غیرآئینی اقدامات کے ردعمل کے خوف کے باعث غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پابندیاں مزید سخت کردیں۔ جگہ جگہ قابض فوجی تعینات کر دی۔ بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں فوجی محاصرے کو 363 روز گزر گئے۔ مودی حکومت کی جانب سے جنت نظیر وادی کی خصوصی حیثیت کے خاتمےاور اسے فوجی چھاؤنی میں بدلے تقریبا ایک سال ہو گیا۔ تعلیمی ادارے بند ، خوراک کی قلت اور ادویات کی عدم دستیابی نے معصوم کشمیریوں کی زندگی اذیت ناک کر دی۔ نام نہاد گھر گھر تلاشی کی آڑ میں  بھارتی قابض فوج نے کشمیری بچوں ، لڑکیوں اور خواتین سمیت  13 ہزار 680 افراد کو گرفتار جب کہ 946 گھروں کو نقصان پہنچایا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 363 دن میں چار خواتین اور دس لڑکوں سمیت 214 افراد کو شہید کیا گیا۔ بھارتی فورسز کے تشدد سے ایک ہزار  تین سو نوے افراد زخمی ہوئے ۔ 5 اگست دو ہزار انیس سے اب تک ہونے والی شہادتیں گزشتہ آٹھ سالوں میں سب سے زیادہ ہیں۔ صرف جولائی میں طاقت کا بدترین استعمال کرتے ہوئے 24 نہتے کشمیریوں کو شہید 59 کو زخمی اور حریت رہنماؤں سمیت 98 شہریوں کو گرفتار کیا گیا جب کہ سات خواتین کی بے حرمتی کی گئی۔