Friday, May 17, 2024

بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ، فخر امام،اقدام نئی سازش ، راجہ فاروق حیدر

بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ، فخر امام،اقدام نئی سازش ، راجہ فاروق حیدر
August 5, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز)مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا معاملے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام نے کہا کہ بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نیا راستہ اختیار کیا  ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر  نے بھارتی اقدام کو نئی سازش قراردیدیا۔ چیئرمین  کشمیر کمیٹی سید فخر امام کی زیر صدارت اہم اجلاس  ہوا جس میں  وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور، سابق وزیر دفاع خرم دستگیر، مشاہد اللہ خان، احسن اقبال ، محمد علی سیف ، مشال ملک  نے شرکت کی ۔ کشمیرکمیٹی کی قرارداد میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی فیصلے کی شدید مذمت  کی ، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے خلاف ہے بھارت اقدامات سے جنوبی ایشیا کے امن کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔ کمیٹی نے بھارتی افواج کی جانب سے کلسڑ بموں کے استعمال کے خلاف قرارداد مذمت بھی منظورکی ۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام نے کہا ہے کہ 72 سال بعد وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کے دوران کشمیر پر بات ہوئی امریکی صدر نے ثالثی کی پیشکش کی بھارت نے مزید 40 ہزار فوج کشمیر میں بلا لی ہے۔ بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نیا راستہ اختیار کیا دوسری جانب وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ موودی  کی جانب سے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے سے مسئلہ کشمیر ختم نہیں ہوگا، کشمیری بھارت کے آئین کو مانتے ہی نہیں۔ وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر کا کہناتھا کہ ایل او سی پر کچھ جگہوں سے باڑ کو توڑ کر بھارت در اندازی کا پروپیگنڈہ کریگا، انھوں نے کہا کہ بھارت نے آئین میں ترمیم کرکے اٹوٹ انگ کا اپنا دعوی ختم کردیا۔