Saturday, May 11, 2024

بھارت نے سکھوں کو بابا گورونانک کی برسی کی تقریبات میں شرکت سے روک دیا

بھارت نے سکھوں کو بابا گورونانک کی برسی کی تقریبات میں شرکت سے روک دیا
September 22, 2020

اسلام آباد( 92 نیوز)امن کا دشمن بھارت  اقلیتوں کے حقوق بھی غصب کررہا ہے ، مودی سرکار نے سکھ برداری کو بابا گورونانک کی برسی کی تقریبات میں شرکت سے روک دیا۔دنیا بھرسے سکھ جتھے کرتارپور پہنچے ہیں تاہم بھارت کی سکھ برادری مذہبی عبادات سے محروم ہے۔

دنیا کی بڑی جمہوریت کا دعویدار بھارت کے سیکولرازم کا بھانڈا پھوٹ گیا ، بھارت نے  روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا جس سے سکھ برادری کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق سکھ نانک نام لیوا بابا گرونانک دیوجی کی 481ویں برسی کی تقریبات میں شرکت سے محروم رہ گئے، پاکستان نے کورونا وباء کے باوجود ریکارڈ مدت میں کرتارپور راہداری کھولنے کے انتظامات مکمل کیے اور بھارت کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا۔

وزارت خارجہ نے بذریعہ کرتارپور راہداری سکھوں کی پاکستان آمد سے متعلق بھارت کو 2 خطوط بھی ارسال کیے، پہلا خط 27 جون، دوسرا 27 اگست کو تحریر کیا گیا،لیکن مودی سرکار کے کان پر جوں تک نہ رینگی،بھارت نے تاج محل تو سیاحوں کے لئے کھولا لیکن سکھوں سے باباگرو نانک کی برسی پر کرتارپور پہنچنے کا حق چھین لیا۔