Friday, May 10, 2024

بھارت کو جاسوس کلبھوشن جادیو تک قونصلر رسائی دیدی گئی

بھارت کو جاسوس کلبھوشن جادیو تک قونصلر رسائی دیدی گئی
September 3, 2019
اسلام آباد (92نیوز)پاکستان نے زیر حراست بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کو ویانا کنونشن کے تحت قونصلر رسائی دے دی ،کلبھوشن سے ملاقات کے لیے بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلیوالیہ دفتر خارجہ پہنچے تھے جہاں پہلے انہوں نے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل سے ملاقات کی۔ اطلاعات کے مطابق بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلووالیہ، ویزہ افسر اور زیر حراست بھارتی جاسوس کے درمیان سب جیل میں یہ ملاقات 2 گھنٹے تک جاری رہی۔ کلبھوشن سے ملاقات کیلئے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو نامعلوم مقام لے جایا گیا، اس ملاقات میں پاکستان کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل بھارتی امور فریحہ بگٹی بھی موجود تھیں۔بھارتی دہشتگرد کو قونصلر رسائی دینے کے حوالے سے دفتر خارجہ نے اعلامیہ جاری کر دیا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں بھارت کو دہشتگرد جاسوس کلبھوشن تک قونصلر رسائی دی گئی،کلبھوشن سے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی ملاقات دن 12 بجے شروع ہوئی،حکومت پاکستان کے حکام بھی قونصلرر رسائی میں موجود تھے ۔ اعلامیہ کے مطابق  بھارتی درخواست پر کسی بھی زبان میں   بات کرنے پر پابندی نہیں لگائی گئی، کلبھوشن کی ملاقات ریکارڈ کی گئی، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ریکارڈنگ کے بارے میں بھارت کو پہلے سے ہی بتادیا گیا تھا، ایک ذمہ دار ملک ہونے کے ناطے پاکستان نے کلبھوشن جادیو کو بغیر کسی روک ٹوک اور رکاوٹ کے قونصلر رسائی دی۔ انڈین وزارتِ خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ کلبھوشن کو قونصلر رسائی کا حق دے دیا گیا ہے ،یہ ملاقات عالمی عدالت انصاف کے 17 جولائی 2019 کے فیصلے کے مطابق ہوئی۔