Sunday, April 28, 2024

بھارت نے بغیر اطلاع ڈیموں کا پانی چھوڑ دیا ، دریائے ستلج میں پانی کی سطح بلند

بھارت نے بغیر اطلاع ڈیموں کا پانی چھوڑ دیا ، دریائے ستلج میں پانی کی سطح بلند
August 19, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) بھارت نے آبی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بغیر اطلاع کے ڈیموں پانی چھوڑ دیا ،دریائے سندھ اور ستلج میں پانی کے ریلے چھورے گئے جس سے دریائے ستلج میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ۔ خطے کے امن کا دشمن  بھارت باز نہ آیا، ایل او سی پراشتعال انگیزی  کے بعد اب آبی جارحیت پر بھی اترآیا، ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق  بھارت کی جانب سے لداخ ڈیم کے 5 میں سے 3 سپل ویز کھولے گئے ہیں   جس کے باعث سیلاب کا خطرہ ہے۔ این ڈی ایم اے ترجمان  کا کہنا ہے بھارت کی جانب سے چھوڑا گیا پانی گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پاکستان میں داخل ہوگا ، پانی خرمنگ کے مقام پر دریائے سندھ میں شامل ہوگا۔ اندازے کے مطابق ڈیڑھ سے 2لاکھ کیوسک پانی پاکستان  کی  حدود میں داخل ہوسکتا  ہے۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے  کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے قصور اور دریائے سندھ کے اطراف کے اضلاع کی انتظامیہ کو تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ادھر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے چیف سیکرٹری اور ڈی جی پی ڈی ایم اے کو ہدایات جاری کی ہیں کہ دریائے ستلج کے کنارے واقع بستیوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔متعلقہ ادارے فعال کردار ادا کریں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے دریائے ستلج میں سیلاب کے خدشے کے پیش نظر  آج ہنگامی اجلاس بھی طلب کر لیا ہے بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کے بعد کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔