Monday, May 13, 2024

بھارت نے ایل او سی پر لگی باڑ کو پانچ جگہ سے کاٹا ، شاہ محمود قریشی

بھارت نے ایل او سی پر لگی باڑ کو پانچ جگہ سے کاٹا ، شاہ محمود قریشی
December 19, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے ایل او سی پر لگی باڑ کو پانچ جگہ سے کاٹا ہے ، اسکے پیچھے کیا عزائم ہیں کیا کوئی نیا مس ایڈونچر ہونے جا رہا ہے ؟۔ وزیر خارجہ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ہمیں  ایل او سی  پر جگہ جگہ سے باڑ کاٹنے پر تشویش ہے ، بھارت کے عزائم کو بھانپتے ہوئے سلامتی کونسل کو ایک اور  خط ارسال کیا ہے جس میں بھارت کے چار اشتعال انگیز اقدامات کی نشاندہی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ  مقبوضہ کشمیر میں براہموس میزئل  نصب کئے گئے ہیں ، بھارت نے وقتا فوقتا میزائل ٹیسٹ کئے ہیں  جن سے خطے کے امن و استحکام  کو خطرات لاحق ہیں ۔ بھارت کی جانب سے حالیہ اقدامات کے  بعد سلامتی کونسل میں بروقت معاملے کو اٹھایا ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ نریندر مودی سرکار کی حرکات و سکنات سے بہت کچھ واضح ہے ،  مقبوضہ کشمیر میں 136 روز سے کرفیو ہے ، نیٹ سمیت دیگر ذرائع ابلاغ پر پوری طرح پابندی ہے ، بابری مسجد کے فیصلے سے  احساس محرومی  اور دوسرے درجے کے شہریوں کا احساس ابھرتا ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شہریت کے متنازعہ قانون کے خلاف  وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے خود احتجاج کی قیادت کی ، ان کے سمیت 5 ریاستوں میں  احتجاج  شروع ہوا جو اب ہر قصبے  تک پھیل رہا ہے ۔