Thursday, May 2, 2024

بھارت نے ایشیا کپ 2018 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

بھارت نے ایشیا کپ 2018 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا
September 29, 2018
دبئی (92 نیوز) بھارت نے ایشیا کپ 2018 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فائنل میں بھارت نے بنگلا دیش کو تین وکٹوں سے شکست دی۔ بھارت کرکٹ کا نیا ایشین چیمپئن بن گیا۔ بنگال ٹائیگرز کا ایشین چیمپئن بننے کا خواب ایک بار پھر ادھورا رہ گیا۔ دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت نے فائنل میں بنگلہ دیش کوتین  وکٹوں سے  دھول چٹائی۔ بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 222 رنز اسکور کیے۔ بنگلا دیشی اوپنرز نے ٹیم کو 120 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ مڈل آرڈر کے ناکام ہونے کے سبب بنگال ٹائیگرز بڑا ٹوٹل بنانے میں ناکام رہے۔ ایونٹ میں ان فارم رہنے والے  بنگلا دیشی وکٹ  کیپر مشفیق الرحیم بھی رنگ جمانے میں ناکام رہے۔ بنگلا دیش کی جانب سے لٹن داس 121 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ بھارت کی طرف سے کلدیپ یادیو نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم مشکلات کا شکار  نظر آئی۔ کپتان روہت شرما کے آؤٹ ہونے پر دھونی اور کارتک  نے ٹیم کو سنبھالا تو دیا لیکن دونوں کے آؤٹ ہونے پر  بھارتی ٹیم ایک بار پھر لڑکھڑا گئ۔ بھونیشور کمار اور جڈیجا کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت بھارت نے آخری گیند پر ہدف حاصل  کر کے ساتویں بار ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے روہت شرما 48 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ کارتک نے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔ بنگلا دیش کی جانب سے مستفیض الرحمان اور روبیل حسین نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔