Thursday, April 25, 2024

بھارت نے اچانک پانی چھوڑدیا،پاکستانی دریاؤں میں سیلابی صورتحال پیداہوگئی

بھارت نے اچانک پانی چھوڑدیا،پاکستانی دریاؤں میں سیلابی صورتحال پیداہوگئی
September 24, 2018
اسلام آباد  ( 92 نیوز)بھارت کی جانب سے آبی جارحیت جاری ہے ، اچانک دریاؤں میں پانی چھوڑنے سے  پاکستان کے کئی شہروں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ،انتظامیہ نے مختلف مقامات پر فلڈ وراننگ جاری کر دی۔ دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ  میں اضافہ  ہو رہا ہے جس سے وہاڑی  کے  گردو نواح میں  کئی  دیہات کو  سیلاب کے خطرات لاحق ہو گئے ہیں ۔لوگ اپنی مدد آپ کے تحت ٹوٹ  پھوٹ کا شکار بنددوبارہ سے باندھنے کے لئے کوشاں ہیں تاہم ابھی تک انتظامیہ متحرک نہ ہو سکی ۔ دوسری طرف  دریائے ستلج میں  ہیڈ اسلام کے مقام پر بھی پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا ہے  ،جس پر لوگوں نے ضلعی انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ دریائے چناب میں پانی میں اضافے کے باعث ،شجاع آباد اور گردو نواح کے کئی دیہات میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا جبکہ  انتظامیہ نے سیلاب کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ دریائے چناب کا حفاظتی بند ٹوٹنے سے خطرات مزید بڑھ گئے ہیں ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کروڑوں روپے لاگت سے بنایا گیا بند  اب کئی مقامات پر مکمل طور پر غائب ہے۔ بھارتی آبی جارحیت کے باعث سیالکوٹ  میں واقع نالہ ڈیک  کے تین پل بہہ گئے   ،پل بہہ جانے سے دس سے زائد دیہات کا زمینی  رابطہ پسرور سے مکمل طور پر منقطع ہو گیا ہے۔ نالہ ڈیک میں اُونچے درجے کے سیلاب کے باعث  ڈھوڈہ ،دولت پور ،رسول پور، بھکھی، ماکھن پور، واہلے ،قاضی پہاڑنگ، کلاسوال، نورپور سائفن کے درجنوں دیہات متاثر  ہوئے ہیں۔ ادھر ندی نالوں اور دریاؤں میں طُغیانی کے باعث فلڈ وارننگ جاری کر دی گئی ہے ۔ دریائے چناب میں ہیڈ قادرآباد کے مقام پر بھی سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی  ہے،سیلاب کی وارننگ جاری ہونے کے بعد ہیڈ قادر آباد کے گردو نواح میں دیہات کوخطرات لاحق ہو گئے ہیں۔