Sunday, May 12, 2024

بھارت نے اسرائیل سے ظلم کرنا سیکھا، صدر عارف علوی

بھارت نے اسرائیل سے ظلم کرنا سیکھا، صدر عارف علوی
August 5, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) کشمیر پاکستان کا ، صدر مملکت عارف علوی سمیت ارکان پارلیمان یک زبان۔ صدرمملکت نے ڈی چوک سے ریلی میں خطاب میں کہا کہ  بھارت نے اسرائیل سے ظلم کرنا سیکھا، ہمارا اور کشمیریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے کے قریب ہے ۔

ڈی چوک میں ریلی سے خطاب میں صدر مملکت عارف علوی نے کہا بھارت نے پاکستان اورکشمیریوں سے کیے گئے معاہدوں کی پاسداری نہیں کی، عالمی برادری سے کشمیریوں پرمظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا ۔

صدر مملکت نے یہ بھی کہا کہ بھارت کی ہندوتوا سوچ نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا، بھارت نے اسرائیل سے ظلم کرنا سیکھا ، تاہم کشمیری خود کو اکیلا نہ سمجھیں ہم ان کے ساتھ ہیں۔

اس موقع پر  وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی آواز دبا نہیں سکتا ، بھارتی غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف خلاف ورزیوں اور نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے  مظالم سے دنیا بے خبر نہیں ، آج دنیا کے سامنے ہندوستان کا اصلی چہرہ ہے نقاب ہو چکا ہے۔

معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ پاکستان نے کشمیر پر جارحانہ پالیسی اختیار کرلی ۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، مختلف مکتب فکر کے افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ ریلی سے خطاب میں شبلی فراز نے کہا کہ بھارتی غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا، پوری قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے آزادی ضرور ملے گی۔