Friday, April 19, 2024

بھارت نے 5 اگست 2019ء کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ کارروائی کی ، صدر مملکت

بھارت نے 5 اگست 2019ء کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ کارروائی کی ، صدر مملکت
August 5, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے بھارت نے 5 اگست 2019ء کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ کارروائی کی۔

عارف علوی نے یوم استحصال کشمیر پر پیغام میں کہا بھارت نے بین الاقوامی قانون اور اقدار کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 5 اگست 2019ء کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ کارروائی کی ۔ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش کی۔ بھارت کشمیری عوام کی منفرد شناخت ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ 5 اگست کے بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر سمیت چوتھے جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔ بھارت کا مقصد کشمیری عوام کو حق خود ارادیت کے حق سے محروم کرنا ہے۔

 صدر مملکت عارف علوی نے کہا نسل پرست بی جے پی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو بھارتی قابض افواج اجتماعی سزا دے رہی ہیں۔ بھارتی قابض فورسز نے گزشتہ 24 ماہ سے کشمیریوں کے انسانی حقوق کی شدید اور سنگین خلاف ورزیاں کی ہیں ۔ فوجی محاصرے اور کشمیریوں کی بنیادی آزادیوں پر بے مثال پابندیاں عائد کی گئی۔ عالمی برادری بھارت کو کشمیری عوام کو جبر سے دبانے کی مہم ختم کرنے اور 5 اگست 2019ء کے تمام اقدامات واپس لینے پر مجبور کرے۔ ہم جموں و کشمیر کے تنازعہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے اپنے حقیقی مقصد پر قائم ہیں۔