Saturday, April 20, 2024

بھارت میں گزشتہ برس فضائی آلودگی سے 12لاکھ افراد ہلاک ہوئے

بھارت میں گزشتہ برس فضائی آلودگی سے 12لاکھ افراد ہلاک ہوئے
December 8, 2018
ممبئی ( 92 نیوز) بھارت میں فضائی اور ماحولیاتی آلودگی دن بدن بڑھنے لگی، بھارت میں گزشتہ برس  فضائی آلودگی سے 12 لاکھ 40 ہزار افراد ہلاک ہوئے ، مرنے والوں میں سے  51فیصد افراد کی عمریں 70 برس سے کم تھیں۔ آبادی کے لحاظ سے دنیا کے دوسرے بڑے ملک بھارت میں فضائی آلودگی خطرناک حد کو چھونے لگی، جنگی ہتھیار جمع کرنے کی دھن میں مست بھارتی سرکار فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات نہ کرسکی جس کے باعث ہر سال لاکھوں  افراد  لقمہ اجل بننے لگے ۔ صحت سے متعلق رپورٹ  دینے والے بین الاقوامی جریدے  لینسیٹ پلینیٹری ہیلتھ کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں فضائی آلودگی سے 2017 میں 12 لاکھ 40 ہزار افراد ہلاک ہوئے جو سال بھر میں ہونے والی مجموعی اموات کا 12.5 فیصد ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق فضائی آلودگی سے ہلاک ہونے والوں میں سے 6 لاکھ 70 ہزار افراد ماحولیاتی آلودگی جبکہ 4 لاکھ 80 ہزار افراد کھانا پکانے کے لیے استعمال ہونےوالے ٹھوس ایندھن کے نتیجے میں گھر میں ہونے والی آلودگی سے ہلاک ہوئے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا 2017 میں اگر ہوا کا معیار صحت مند سطح پر ہوتا تو بھارت میں اوسط زندگی کی امید 1.7 سال سے زیادہ ہوجاتی، طویل عرصے سے جاری آلودگی ایک بھارتی شہری کی زندگی کے 4 سال کم کر دیتی ہے۔