Friday, May 17, 2024

بھارت میں کورونا کے مہلک وار ، تین ہزار 285 اموات ہو گئیں

بھارت میں کورونا کے مہلک وار ، تین ہزار 285 اموات ہو گئیں
April 28, 2021

نئی دہلی (92 نیوز) بھارت میں کورونا کا قہر جاری ہے۔ تین ہزار 285 اموات ہوئیں۔

بھارت کا ہیلتھ سسٹم کورونا وبا کے سامنے بیٹھ گیا۔ ملک میں متعدد شہروں کے سرکاری اور نجی اسپتالوں کو بیڈز کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ آکسیجن  کے بحران کے بعد اسٹریچرز کی بھی کمی ہو گئی۔ میتوں کی آخری رسومات ایک ساتھ عارضی طور پر قائم کئے گئے سنٹرز پر ادا کی جارہی ہیں۔

اسپتالوں میں جگہ نہ ہونے کے باعث شدید بیمار مریض اسپتالوں کے باہر بستروں پر پڑے داخلے کے منتظر  ہیں۔ ملک بھر میں ہوٹلوں، ٹرینوں کے ڈبوں اور آشرم میں اسپتال کے بستر فراہم کر کے انہیں انتہائی نگہداشت کا مرکز بنا دیا گیا ہے۔

بھارتی محکمہ صحت کے مطابق   گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں تین لاکھ باسٹھ ہزار نو سو دو نئے کیسز سامنے آئے۔ تین ہزار دو سوپچاسی افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد ایک کروڑ اسی لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

بھارت میں کورونا کی گھمبیر صورتحال کے پیش نظر مختلف ممالک سے امداد کا سلسلہ جاری ہے۔ برطانیہ سے پہنچنے والی طبی امداد میں ایک سو وینٹی لیٹرز اور پچانوے آکسیجن کنسنٹریٹرز شامل ہیں۔ آئرلینڈ، جرمنی، آسٹریلیا  اور دیگر کئی ممالک سے بھی امدادی سامان پہنچ رہا ہے۔

ادھر عالمی سطح پر کورونا وائرس سے ہلاکتیں 31 لاکھ 42 ہزارسے تجاوز کر گئیں۔ ایران میں مزید 462 اموات، 20 ہزار 963 افراد موذی وائرس سے متاثر ہوئے۔ ترکی میں 346 مریض دم توڑ گئے، 43 ہزار301 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ سعودی عرب میں 9 اموات، 1045 نئے مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ برطانیہ میں مزید 17 متاثرین ہلاک اور 2 ہزار 685 افراد کورونا میں مبتلا ہوئے۔ کورونا متاثرین کی عالمی تعداد 14 کروڑ 91 لاکھ سے بڑھ گئی۔ دنیا بھرمیں کورونا کے 12 کروڑ 68 لاکھ سے زائد مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔