Tuesday, May 21, 2024

بھارت میں کورونا وبا کی صورت حال مزید بگڑ گئی ، چار لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ

بھارت میں کورونا وبا کی صورت حال مزید بگڑ گئی ، چار لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ
May 1, 2021

نئی دہلی (92 نیوز) بھارت میں کورونا وبا کی صورت حال مزید بگڑ گئی۔ ایک دن میں پہلی دفعہ چار لاکھ سے زائد کیسز سامنے آ گئے۔

بھارت میں کورونا وائرس کی دوسری لہر تشویشناک صورتحال اختیار کر گئی۔ ایک کروڑ اکانوے لاکھ متاثرین کے ساتھ یہ دنیا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا نیا مرکز بن گیا ہے۔

اسپتالوں کے باہر داخل ہونے والے مریضوں کی لائنیں لگی ہوئی ہیں۔ حکام نے اسٹیڈیمز، مذہبی عبادت گاہوں اور شادی ہالوں کو عارضی آئسولیشن سنٹرز میں بدل دیا ہے تاکہ بڑھتی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ مریضوں کے لواحقین اپنے پیاروں کیلئے آکسیجن  سلنڈرز لینے کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں۔

بھارت میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں پہلی مرتبہ کووڈ 19 کے نئے مریضوں کی تعداد چار لاکھ سے بڑھ گئی۔ ملک میں مزید 4 لاکھ ایک ہزار 911 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ 3 ہزار 523 مریضوں نے دم توڑا۔ بھارت میں مثبت کیسز کی شرح 18 فیصد سے زائد  ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب  ریاست گجرات کے شہر بہروچ کے ایک اسپتال میں آگ لگنے کی وجہ سے کورونا وائرس کے 18 مریض ہلاک ہو گئے۔ چار منزلہ اسپتال میں 50 مریض موجود تھے۔ مقامی لوگوں اور فائر فائٹرز نے باقی مریضوں کو اسپتال سے باہر نکال لیا۔

ادھر دنیا بھر میں کورونا  سے ایک روز میں مزید  14   ہزار سے زائد اموات ہوئیں۔ ہلاکتیں 31 لاکھ 93 ہزار  سے تجاوز کر گئیں۔ برازیل  2364، امریکا 770 اور میکسیکو  میں 529 مریض چل بسے۔ کولمبیا 490، پولینڈ 429 ،ایران  407، روس  397 اور ترکی   میں 394     افراد ہلاک ہوئے۔ دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 کروڑ  20 لاکھ سے بڑھ گئی۔