Friday, April 19, 2024

بھارت میں کورونا وائرس سے مزید 2 ہزار 806 افراد ہلاک

بھارت میں کورونا وائرس سے مزید 2 ہزار 806 افراد ہلاک
April 26, 2021

نئی دہلی (92 نیوز) بھارت میں مہلک وائرس کورونا نے تباہی مچا دی ۔ چوبیس گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 806 ہلاکتیں ہو گئیں۔

بھارت کا ہیلتھ سسٹم کورونا کے سونامی میں بہہ گیا۔ پانچویں روز بھی 3 لاکھ 52 ہزار سے زائد مریض سامنے آئے ہیں۔ 2ہزار 8 سو سے زائدافراد جان کی بازی چکے ہیں۔ مجموعی ہلاکتیں ایک لاکھ 95 ہزار سے تجاوز کر چکی ہیں۔ بھارت میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1 کروڑ 73 لاکھ 13 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔

دارالحکومت دہلی سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہروں میں سے ہے جہاں اسپتال  مریضوں  سے بھرے پڑے ہیں  ۔ بیڈز مل رہے ہیں نہ ہی   آکسیجن ۔ اسپتال انتظامیہ نے ہاتھ کھڑے کر دئیے ہیں اور لواحقین اپنی مدد آپ کے تحت آکسیجن کا بندوبست کر رہے ہیں۔ بھارت کے مختلف شہروں کے شمشان گھاٹوں میں لاشوں کو جلانے کا سلسلہ 24 گھنٹے بلاتعطل جاری ہے۔   

اسپتال موت، بے بسی اور لاچارگی کی تصویر بن  چکے ہیں، باہر فٹ پاتھوں پر بھی    مریض بستر کی امید میں دم توڑ رہے ہیں۔ مریضوں کی تڑپ اور لواحقین کی مدد کی دہائیوں سے فضا سوگوار ہے۔

بھارتی میں ہر منٹ میں 243 نئے کیسز اور ہر چار منٹ میں ایک موت  ہورہی ہے۔ عالمی برادری نے اس مشکل گھڑی میں بھارت کی ہر ممکن امداد کی پیشکش کی ہے۔ سعودی عرب اور سنگاپور کی جانب سے آکسیجن گیس بھیجی جارہی ہے جبکہ پاکستان نے بھی پڑوسی ملک کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔