Thursday, April 25, 2024

بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں ہر گزرتے دن نئے ریکارڈ

بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں ہر گزرتے دن نئے ریکارڈ
August 16, 2020
 نئی دہلی (92 نیوز) بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں ہر گزرتے دن نئے ریکارڈ بننے لگے۔ انڈیا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 26 لاکھ کےقریب پہنچ گئی۔ بھارت میں  ہر گزرتے روز کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے حوالے سے نئے ریکارڈ قائم ہو رہے ہیں ۔ اس وقت انڈیا میں امریکا اور برازیل کے بعد سب سے زیادہ کورونا کے مریض ہیں۔ بھارت بھر میں اب تک پچیس لاکھ نوے ہزار سے زائد افراد اس موذی مرض میں مبتلا ہوئے جن میں سے پچاس ہزار سے زائد لقمہ اجل بن گئے۔ بھارتی ریاست مہاراشٹرا سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے جہاں اب تک پانچ لاکھ 84 ہزار مریض سامنے آئے اور 19 ہزار 749 افراد ہلاک ہوئے۔ اسی طرح ریاست تامل ناڈو میں 3 لاکھ 32 ہزار مریض اور پانچ ہزار 641 اموات ہوئیں۔ آندھرا پردیش میں 2 لاکھ 81 ہزار 817 افراد متاثر جبکہ 2 ہزار 562 ہلاک ہوئے۔ کرناٹکا میں اب تک 2 لاکھ 19 ہزار 926 مریض سامنے آئے جن میں سے 3 ہزار 831 دم توڑ گئے۔ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک لاکھ 51 ہزار 928 افراد اس وائرس کی لپیٹ میں آئے جن میں سے 4 ہزار 188 چل بسے۔ بھارت بھر میں اس وقت 8 ہزار 944 افراد زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ دوسری جانب وائرس پر قابو پانے میں ناکام ہونے والے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا ملک تین اقسام کی کورونا ویکسین کے تجربات کر چکا ہے۔