Friday, May 17, 2024

بھارت میں کورونا نے تباہی مچا دی ، لوگ آکسیجن کے لیے تڑپنے لگے

بھارت میں کورونا نے تباہی مچا دی ، لوگ آکسیجن کے لیے تڑپنے لگے
April 25, 2021

نئی دہلی (92 نیوز) بھارت میں کورونا نے تباہی مچا دی ۔ اسپتال میں جگہ بچی نہ شمشان گھاٹوں میں کوئی جگہ بچی۔ لوگ آکسیجن کے لیے تڑپنے لگے۔

کورونا کی وبا کا شکار بھارت آکسیجن پر چلا گیا۔ مسلسل کئی روز سے تین لاکھ مریض یومیہ سامنے آنے پر اسپتالوں میں بستر بچے نہ شمشان گھاٹوں میں جگہ بچی۔ کورونا کے بےرحم پنجوں میں جکڑے بھارتی عوام آکسیجن نہ ملنے پر سسک سسک کر دم تورنے لگے۔

حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر آکسیجن کی فراہمی  کیلئے کام شروع کر دیا۔ لکھنؤمیں موجود آکسیجن پلانٹ نے  پوری صلاحیت کے ساتھ گیس کی فراہمی شروع کر دی ۔ ٹرین کے ذریعے بھی ملک کے مختلف شہروں میں آکسیجن کی فراہمی جاری ہے۔ بھارتی وزیر صحت ڈاکٹر ہارش وردھان  نے لوگوں کو صبروتحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔

دوسری جانب بھارت کے کورونا ویکسین مراکز پر شہریوں کا رش بڑھ گیا۔ کورونا کی تباہی کو دیکھتے ہوئے شہریوں نے قطاریں بنا کر دھڑادھڑ ویکسین لگوانا شروع کردی ہے ۔ کئی مراکز پر کورونا کی ویکسین کی قلت پیدا ہو گئی ہے

کورونا کے باعث حالات کو بگڑتا دیکھ کر بھارت کے کئی شہروں میں لاک ڈاون نافذ کر دیا گیا ہے۔ ریاست اڑیسہ نے تیس اضلاع میں سخت پابندیاں لگا دی ہیں ۔ سڑکیں اور بازار سنسان دکھائی دیتے ہیں۔ بنگلور، بنارس اور دیگرشہروں میں سخت لاک ڈاون نافذ کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی نے یہ کہہ کر خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے کہ مئی میں بھارت کو وبا کے سونامی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ کی وارننگ کا نوٹس لیتے ہوئے دہلی  ہائی کورٹ نے حکومت سے وبا سے نمٹنے کیلئے انتظامات کے حوالے سے جواب مانگ لیا ہے۔