Friday, May 17, 2024

بھارت میں کورونا متاثرین کی تعداد دو کروڑ سے تجاوز

بھارت میں کورونا متاثرین کی تعداد دو کروڑ سے تجاوز
May 3, 2021

نئی دہلی ( 92 نیوز) بھارت میں کورونا وبا کی تباہ کاریاں رکنے کا نام نہیں لے رہیں،متاثرہ افراد کی تعداد دو کروڑ سے بڑھ گئی، اسپتالوں میں گنجائش اور آکسیجن نہ ملنے کے باعث ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے ،تیرہ اپوزیشن جماعتوں نے مفت ویکسین کی فراہمی کا مطالبہ کر دیا۔

بھارت کا نظام صحت بیٹھ گیا، ملک میں کورونا وائرس کے باعث ایک اور ہلاکت خیز دن رہا ، گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں تین ہزار 417 اموات رپورٹ ہوئیں ، مزید تین لاکھ اڑسٹھ ہزار سے زائد افراد وائرس میں مبتلا ہوگئے۔
اسپتالوں، قبرستانوں اور شمشان گھاٹوں میں گنجائش سے کئی گنا زیادہ رش ہے، آکسیجن کی کمی، ادویات کی قلت اور طبی امداد کی عدم فراہمی سے بےبسی کی داستانیں رقم ہورہی ہیں۔

بھارتی دارالحکومت میں ٹیسٹ کروانےوالا ہرتیسرا شخص کورونا سےمتاثرنکل رہا ہے،حکام کےمطابق ملک میں اٹھارہ جبکہ نئی دہلی میں مثبت کیسزکی شرح اکتیس فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
ملک میں وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے گیارہ ریاستوں میں پابندیاں لگائی گئی ہیں،دوسری جانب اب بھی مودی حکومت مکمل لاک ڈاؤن لگانے میں پس وپیش کر رہی ہے۔

بھارت کی تیرہ اپوزیشن جماعتوں نے مرکزی حکومت سے ملک بھر میں لوگوں کو مفت ویکسین، اسپتالوں اور ہیلتھ کیئر سنٹرز میں بلا تعطل آکسیجن کی فراہمی کا مطالبہ کر دیا۔ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں میں سونیا گاندھی، جی ڈی ایس رہنما اور سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیو، این سی پی لیڈر شرد پوار اور دیگر شامل ہیں۔