Monday, May 13, 2024

بھارت میں کورونا قابو سے باہر ، تین ہزار 438افراد ہلاک، تین لاکھ 55 ہزار کیسز رپورٹ

بھارت میں کورونا قابو سے باہر ، تین ہزار 438افراد ہلاک، تین لاکھ 55 ہزار کیسز رپورٹ
May 4, 2021

نئی دلی ( 92 نیوز) بھارت میں کورونا سونامی قابو سے باہر ہوگیا، اسپتالوں کے باہر لواحقین کی آہ وزاریاں جاری ہیں، آکسیجن کو ترستے مریض غم و درد کی تصویر بن چکے ہیں،  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3 لاکھ 55 ہزار سے زائد مریض سامنے آ ئے جبکہ 3438افراد دم توڑ چکے ہیں۔

بھارت میں کورونا کی تباہ کاریاں جاری  ہیں ، مریضوں کی تعداد 2 کروڑ سے تجاوز کر گئی جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 22 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔اسپتالوں میں بیڈز کی کمی،آکسیجن کی قلت اورایمبولینسزنہ ملنے کے بعد اب کورونا ویکسین کی قلت بھی پیدا ہوچکی ہے، مقامی کمپنیاں سپلائی کو بڑھانے کی کوشش کر رہی ہیں ۔

بھارت میں روزانہ ویکسین لگانے کی تعداد گذشتہ ماہ 45 لاکھ تھی جو اب 25 لاکھ رہ گئی ہے، کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں نظام صحت مفلوج ہو گیا ہے۔حکومتی اعداد و شمار کے مطابق انڈیا کے پاس ویکسین بنانے کے لیے دنیا میں سب سے زیادہ گنجائش ہے لیکن وہ اب تک اپنی ایک ارب 35 کروڑ کی آبادی میں سے صرف 12 فیصد کو ویکسین لگا سکا ہے۔

مودی حکومت نے ایک ٹرین سروس کا بھی آغاز کیا ہے جسے آکسیجن ایکسپریس کا نام دیا گیا ہے۔ یہ ٹرین آکسیجن ٹینکرز لے کر کورونا سے بری طرح متاثرہ علاقوں تک پہنچتی ہے۔