Thursday, May 9, 2024

بھارت میں کورونا سے چوبیس گھنٹوں میں تین ہزار 920 ہلاکتیں رپورٹ

بھارت میں کورونا سے چوبیس گھنٹوں میں تین ہزار 920 ہلاکتیں رپورٹ
May 7, 2021

نئی دہلی (92 نیوز) بھارت میں کورونا منہ زور ہونے لگا۔ آئے روز کیسز اور اموات میں بے تحاشا اضافہ ہو رہا ہے۔ چوبیس گھنٹوں میں تین ہزار 920 ہلاکتیں ہو گئیں۔

بھارت اس وقت کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث سب سے زیادہ متاثرہ ملک اور وبا کا گڑھ بن چکا ہے۔ گذشتہ روز ایک مرتبہ پھر ریکارڈ چار لاکھ چودہ ہزار سے زیادہ افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ تین ہزار نو سو بیس افراد ہلاک ہوئے۔

وبا میں اضافے کے باعث اسپتالوں میں لوگ بستروں اور آکسیجن کیلئے ترسنے لگے۔ مریض ایمبولینسز، ذاتی گاڑیوں اور درختوں تلے محدود طبی امداد پر گزارا کرنے پر مجبور ہیں اور لواحقین اپنی بے بسی پر نوحہ کناں ہیں۔

دیہاتی علاقوں میں محدود طبی سہولتوں کے باعث صورتحال مزید تشویشناک ہے چونکہ اسپتال بہت دور ہیں، لوگ مریضوں کا عطائیوں سے درختوں کے نیچے علاج کروانے پر مجبور ہیں۔ ملک کا نظام صحت بالکل چوپٹ ہو کر رہ گیا۔ لوگ مریضوں کو رکشوں پر لانے پر مجبور ہیں۔ ایک این جی او نے مریضوں کو اسپتالوں میں لانے، لے جانے کیلئے گیارہ رکشوں کے استعمال  شروع کر دیئے۔

حکام کی جانب سے وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ درجن بھر ریاستوں میں  بشمول کیرالا، ہماچل پردیس، مہاراشٹرا، اڑیسہ، بہار، دہلی اور کرناٹکا کہیں لاک ڈاؤن تو کہیں کرفیو لگا دیا گیا۔

دوسری جانب  بھارت کے ہمسائیہ ممالک نیپال، تھائی لینڈ اور لاوس میں بھی وبا کی صورتحال بگڑنے لگی۔ کیسز میں اضافے کے باعث ان ممالک کے حکام بھی لاک ڈاؤن اور دوسری پابندیاں لگانے کا سوچنے لگے ہیں۔