Friday, April 19, 2024

بھارت میں کورونا سے مزید تین ہزار 786 افراد ہلاک

بھارت میں کورونا سے مزید تین ہزار 786 افراد ہلاک
May 5, 2021

نئی دہلی (92 نیوز) بھارت میں کورونا کا قہر جاری ہے۔ مزید تین ہزار 786 افراد ہلاک ہو گئے۔

نئے کیسز اور اموات کے بڑھنے سے بھارت میں  مریضوں کی مجموعی تعداد دو کروڑ چھ لاکھ جبکہ ہلاکتوں کی تعداد دو لاکھ چھبیس ہزار سے تجاوز کر گئیں۔ آکسیجن  اور ادویات کی کمی اور اسپتالوں میں بستروں کی قلت سے اموات میں اضافہ ہونے لگا۔ لاشوں کے اضافی بوجھ کے باعث لوگ پارکوں اور پارکنگ کے مقامات پر جنازے اور آخری رسومات ادا کرنے پر مجبور ہیں۔

بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کیسز میں تین لاکھ بیاسی ہزار چھ سو اکانوے کا اضافہ ہوا جبکہ تین ہزار سات سو چھیاسی مریض دم توڑ گئے۔

دوسری جانب بھارت میں کورونا وائرس کی ایک اور نئی خطرناک قسم کا انکشاف ہوا ہے، جو پہلے سے موجود اقسام سے پندرہ گنا زیادہ طاقتور ہے۔

مسلسل ابتر ہوتی صورتحال کے پیش نظر ڈاکٹرز اور اپوزیشن نے ملک بھر میں لاک ڈاون کا مطالبہ کر دیا۔ کانگریس رہنما راہل گاندھی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کا واحد راستہ اب مکمل لاک ڈاؤن ہے۔ حکومت کا غیرعملی رویہ معصوم لوگوں کی جانیں لے  رہا ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے عالمی وباء سے نمٹنے کے لیے بھارت کی حکومت سے مؤثر اور ٹھوس اقدامات اٹھانے پر زور دیا ہے ۔ ڈبلیو ایچ او کے نمائندے کا کہنا تھا کہ کورونا سے نمٹنے کی تیاریاں وبا کے خاتمےتک جاری رہنی چاہئیں۔