Friday, April 26, 2024

بھارت میں کورونا سے ایک روز میں مزید 3 ہزار 880 اموات

بھارت میں کورونا سے ایک روز میں مزید 3 ہزار 880 اموات
May 11, 2021

نئی دہلی (92 نیوز) بھارت میں کورونا سے ایک روز میں مزید 3 ہزار 880 اموات ہوئیں۔ تین لاکھ 29 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے۔

بھارت میں کورونا کے باعث روزبروز صورتحال سنگین ہونے لگی۔ چوبیس گھنٹے کے دوران 3 لاکھ 29 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہوئے۔ ایک ہی روز میں 3 ہزار 879 افراد دم توڑ گئے جس کے بعد وائرس کے باعث ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ڈھائی لاکھ سے تجاوز کر گئی۔

تامل ناڈو، راجستھان اور پوڈو چری میں بھی دو ہفتوں کا لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مودی حکومت پر قومی لاک ڈاؤن کے لیے دباؤ بڑھ گیا ہے۔

ادھر بھارت میں کورونا مریضوں کی لاشیں دریا سے برآمد ہونے پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ریاست بہار میں 40 سے زائد لاشیں تیرتی ہوئی دریائے گنگا کے کنارے پر پہنچ گئیں، جنہیں اتر پردیش سے دریا میں ڈالا گیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ ان کورونا مریضوں کی لاشیں ہیں جنہیں شمشان گھاٹ میں جگہ نہ ملنے پر لواحقین نے دریا میں ڈال دیا تھا۔ حکام کو خدشہ ہے کہ لاشوں کی تعداد سو سے زیادہ ہوسکتی ہے۔

ڈبلیو ایچ او نے کورونا کی بھارتی قسم کو عالمی سطح پر تشویش کا باعث قرار دے دیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ انڈیا میں کورونا کی جو قسم پھیل رہی ہے وہ انتہائی خطرناک  اور تیزی سے منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔