Sunday, May 12, 2024

بھارت میں کورونا سے ایک روز میں ریکارڈ چار ہزار 525 افراد ہلاک

بھارت میں کورونا سے ایک روز میں ریکارڈ چار ہزار 525 افراد ہلاک
May 19, 2021

نئی دہلی (92 نیوز) بھارت میں کورونا سے تباہی کی نئی داستان رقم ہو گئی۔ ایک روز میں ریکارڈ چار ہزار 525 افراد ہلاک ہوئے۔ دو لاکھ سڑسٹھ ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔ کورونا متاثرین کی تعداد دو کروڑ 55 لاکھ تک پہنچ گئی۔

ادھر عالمی سطح پر کورونا وائرس سے ہلاکتیں 34 لاکھ 13 ہزار سے تجاوز کر گئیں۔ روس میں مزید 364 ہلاکتیں، 8 ہزار 183 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ ایران میں مزید 310 اموات، 13 ہزار 930 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔ ترکی میں 203 مریض کورونا سے دم توڑ گئے۔ 11 ہزار 937 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔ اس کے علاوہ ملائیشیا میں 47 متاثرین کورونا وائرس کے باعث چل بسے، 4 ہزار 865 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ سعودی عرب میں 14 اموات، 1047 نئے مریضوں کی تصدیق۔ برطانیہ میں مزید 7 ہلاکتیں، 2 ہزار 412 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔ کورونا متاثرین کی عالمی تعداد 16 کروڑ47 لاکھ سے بڑھ گئی۔ دنیا بھر میں کورونا کے 14 کروڑ 36 لاکھ سے زائد مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

دوسری طرف انسداد کورونا کے لیے سعودی حکومت کا بڑا فیصلہ سامنے آ گیا۔ سرکاری و نجی اداروں میں داخلے ، تجارتی سرگرمیوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کے لیے کورونا ویکسین لگوانا لازم قرار دے دیا۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق ثقافتی و تفریحی سرگرمیوں میں بھی ویکسین لگوائے بغیر حصہ نہیں لیا جا سکے گا۔