Wednesday, May 8, 2024

بھارت میں کورونا بے قابو، متاثرین کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز

بھارت میں کورونا بے قابو، متاثرین کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز
May 19, 2020

نئی دہلی ( 92 نیوز) یورپ،امریکہ اور روس کے بعد بھارت میں بھی کورونا وائرس نے قابو ہونا شروع ہوگیا، سوا ارب سے زائد آبادی والے بھارت ایک بار یہ موذی مرض پھیل گیا تو پھر اس کو روکنا بہت مشکل ہوسکتا ہے ، ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے بڑھ گئی جبکہ ہلاکتوں میں بھی اضافہ ہورہاہے۔

کورونا وائرس نے اب بھارت کا رخ کرلیا ، گزشتہ دونوں میں 10ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ مجموعی تعداد  ایک لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے ، بھارت دنیا کا 11واں ملک بن چکا ہے جہاں ایک لاکھ سے زائد افراد میں اس خطرناک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق 24 گھنٹوں میں چار ہزار 970  نئے کیسز سامنے آئے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 101139 تک پہنچ گئی ہے۔جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 134افراد ہلاک ہوئے ہیں جس سے مجموعی  ہلاکتوں کی تعداد 3163 ہو چکی ہے۔

ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر ہوا ہے اور یہاں کے حالات مسلسل بگڑ ر ہے ہیں جہاں ہلاکتوں کی تعداد 1249 تک جاپہنچی ہے ۔جبکہ ریاست گجرات دوسرے نمبر پر ہے۔

گجرات میں اب تک 11ہزار 745 افراد اس وباسے متاثر ہوئے ہیں اور 694 ہلاکتیں ہوئی ہیں فہرست میں تمل ناڈو تیسرے نمبر پر ہے یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد7ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 81 لوگ لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

دارالحکومت دہلی کی بھی پوزیشن اس جان لیوا وائرس کی وجہ سے تشویشناک بنی ہوئی ہے اور یہاں بھی متاثرین کی تعداد10ہزار سے تجاوز کرچکی ہےجبکہ 168افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں،ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں اب تک 4605 لوگ اس کی زد میں آئے ہیں۔

جنوبی ہندوستان کی ریاست آندھرا پردیش میں 2474 اور کرناٹک میں 1246 لوگ متاثر ہیں اور ان ریاستوں میں اس سے مرنے والوں کی تعداد 50 اور 37 ہو گئی ہے۔پنجاب میں 37، ہریانہ میں 14، بہار میں نو، کیرالہ اور اڑیسہ میں چار چار، جھارکھنڈ، چنڈی گڑھ، اور ہماچل پردیش میں تین تین، آسام میں دو اور میگھالیہ، پڈو چیری اور اتراکھنڈ میں ایک ایک شخص کی اس وبا سے موت ہوئی ہے۔