Sunday, September 8, 2024

بھارت میں پاکستانی ٹیم کی شکست نظریہ ضرورت کا نتیجہ ہے : شجاعت

بھارت میں پاکستانی ٹیم کی شکست نظریہ ضرورت کا نتیجہ ہے : شجاعت
March 21, 2016
لاہور (92نیوز) مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ بھارت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی شکست نظریہ ضرورت کا نتیجہ ہے۔ پرویز مشرف حکومت سے کوئی ڈیل کر کے نہیں گئے اور وہ جلد واپس آئیں گے۔ حکومت کے مستقبل اور نیب کے حوالے سے شیخ رشید کے بیانات اہمیت کے حامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے نیب کیسز اور پرویز مشرف کے بیرون ملک جانے کے معاملے پر حکومت کو آڑھے ہاتھوں لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ڈس انفارمیشن سے کام لے رہی ہے‘ مشرف کی کوئی ڈیل نہیں ہوئی۔ حکومت کے پاس مشرف کو ملک سے باہر بھیجنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا جبکہ انہوں نے بھارت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی شکست کو نظریہ ضرورت قرار دیا۔ چودھری شجاعت کا ایم کیو ایم کے حوالے سے کہنا تھا کہ بطور جماعت اسے ”را“ کے ساتھ نہ جوڑا جائے اور نہ ہی دہشت گرد تنظیم کہا جائے۔ ایم کیو ایم میں سنجیدہ اور پڑھے لکھے افراد بھی موجود ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ مصطفی کمال ایم کیو ایم پاکستان بنالیں۔ سربراہ مسلم لیگ قاف کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے اتحاد کے لیے ضروری ہے کہ جماعتیں اپنے اندر وزارت عظمیٰ کے امیدوار کم کریں۔ تب ہی حکومت کے خلاف کوئی اتحاد بن سکے گا۔