Friday, April 19, 2024

بھارت میں میگی نوڈلز میں سیسے کی مقدار مقررہ حد سے زائد ثابت ہو گئی، کئی ریاستوں میں فروخت پر پابندی

بھارت میں میگی نوڈلز میں سیسے کی مقدار مقررہ حد سے زائد ثابت ہو گئی، کئی ریاستوں میں فروخت پر پابندی
June 6, 2015
نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی دکانوں پر موجود میگی نوڈلز کے نمونوں میں بڑی مقدار میں سیسہ پایا گیا ہے اور اس وقت بھارت کی بہت سی ریاستوں میں ان نوڈلز کی جانچ پڑتال کےلئے لیبارٹری ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں جبکہ نوڈلز میں سیسے کی موجودگی کے بعد سے بھارت میں مختلف ریاستوں میں اس کی فروخت بند کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اترپردیش میں چند روز قبل دو درجن میگی نوڈلز کے پیکٹس کے لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد سے یہ تنازع کھڑا ہوا ہے۔ اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد میگی نوڈلز میں سیسے کی میعاری حد سے سات گنا زیادہ سیسے کے مقدار پائی گئی۔ اتر پردیش میں نوڈلز میں سیسے کی موجودگی کے انکشاف کے بعد بھارتی ریاست کیرالہ میں بھی حکام نے حکومت کے ماتحت چلنے والی دکانوں پر 1000 دکانوں پر میگی نوڈلز کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ بھارت کی دیگر ریاستوں گجرات، کرناٹکا، ہریانہ اور گوا میں بھی میگی نوڈلز کے ٹیسٹ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب خوراک کے ماہرین نے کہا ہے کہ ایم ایس جی کی زیادہ مقدار کی موجودگی سے سر میں درد، سینے میں تکلیف اور متلی کی شکایت ہو سکتی ہے اور اس کے طویل عرصے تک استعمال سے اعصابی نظام کو نقصان پہنچتا ہے۔ نوڈلز بنانے والی کمپنی نیسلے انڈیا نے اس الزام کو مسترد کیا ہے کہ ان کے نوڈلز غیر صحت بخش یا غیر محفوظ ہیں۔ واضح رہے کہ دو منٹ میں جھٹ پٹ تیار ہو جانے والے میگی نوڈلز بھارت میں بہت مقبول ہیں۔