Thursday, April 25, 2024

بھارت میں مودی کی فاشسٹ پالیسیوں کیخلاف کسانوں کا احتجاج جاری

بھارت میں مودی کی فاشسٹ پالیسیوں کیخلاف کسانوں کا احتجاج جاری
December 9, 2020

نئی دہلی (92 نیوز) بھارت میں مودی کی فاشسٹ پالیسیوں کے خلاف کسانوں کا احتجاج 14 ویں روز بھی جاری ہے ، حکومتی ہٹ دھرمی کے باعث کسان رہنماؤں کے ساتھ امیت شاہ کے مذاکرات ایک بار پھر ناکام ہو گئے، احتجاج کے دوران شدیدسردی نے ایک اور کسان کی جان لےلی۔

مودی حکومت کی ظالمانہ زرعی پالیسیوں کے خلاف بھارتی کسانوں کا احتجاج 14ویں روز بھی جاری ہے،پولیس کا ظلم و ستم اور شدید سردی بھی مظاہرین کو ہلا نہیں پائی۔دہلی کے بارڈرز پر ہزاروں کسان بدستور دھرنا دیے بیٹھے ہیں اور ان کی تعداد میں بھی روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومتی ہٹ دھرمی کے باعث کسان رہنماؤں کے وزیر داخلہ امیت شاہ کے ساتھ مذاکرات ایک بار پھر ناکام ہو گئے ہیں۔

کسانوں نے امیت شاہ کی طرف سے متنازعہ زرعی قوانین میں ترمیم کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے قوانین کے مکمل خاتمے کا مطالبہ کردیا۔

دوسری جانب بھارتی حکومت کی ڈھٹائی ایک اور کسان کی جان لے گئی۔ سنگھو بارڈر پر 10 روز سے احتجاج کرتا ہریانہ کا کسان جان کی بازی ہار بیٹھا۔ اس کی ہلاکت جسم کا درجہ حرارت گرنے سے ہوئی۔ 14 روزہ احتجاج کے دوران اب تک پانچ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔