Wednesday, April 24, 2024

بھارت میں مظاہروں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 25 ہو گئی

بھارت میں مظاہروں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 25 ہو گئی
December 24, 2019
نئی دہلی  ( 92 نیوز) بھارت میں متنازعہ شہریت قانون کیخلاف احتجاج میں شدت آگئی، چنئی میں بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی، نئی دلی میں کانگریس کے اعلان پردھرنا دیا جا رہا ہے، مظاہروں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 25 ہوگئی۔ مودی حکومت کی تعصبانہ پالیسیوں اور نفرت سے بھرپور کارروائیوں نے پورے بھارت کو آگ میں جھونک دیا ۔ عوامی سطح پر شروع ہونے والے مظاہروں اور ہنگاموں میں اپوزیشن جماعتیں بھی شریک ہوگئیں۔ نئی دلی میں کانگریس کی کال پر احتجاجی دھرنا جاری ہے،جس میں متنازعہ قانون کیخلاف ہرعمر کے افراد شرکت کر رہے ہیں، ،کانگریس کی مرکزی قیادت سونیا گاندھی،راہول گاندھی اور پریانکا گاندھی ،من موہن سنگھ سمیت ہزاروں افراد شریک ہیں۔ احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے پریانکا گاندھی اور راہول گاندھی نے مودی کے خلاف اعلان جنگ کردیا ۔ اترپردیش میں مسلمانوں کے کاروبار کو نشانہ بنایا جانے لگا۔ حکومت نے انتہا پسندوں کو مسلمانوں پر حملے کی کھلی چھوٹ دے دی ،ایسے ہی ایک حملے کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں مسلمانوں کے گھروں اور مساجد کو نشانہ بنایا جارہاہے۔ بالی ووڈ اداکارجاوید جعفری نے احتجاج میں شرکت کی اور شاعرانہ انداز میں مودی کی انتہا پسندانہ سوچ کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا۔ ریاست آسام،کیرالہ ،مغربی بنگال ،راجستھان  سمیت مختلف ریاستوں میں مظاہرے کیے  گئے  ۔ طلبہ،سول سوسائٹی اور دانشوروں سمیت اداکار بھی سراپا احتجاج ہیں۔