Friday, April 19, 2024

بھارت میں عام انتخابات 2019 کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گیا

بھارت میں عام انتخابات 2019 کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گیا
April 18, 2019

نئی دہلی ( 92 نیوز) بھارت میں عام انتخابات 2019 کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گیا، 13 ریاستوں کے 95 حلقوں میں ووٹنگ کروائی جارہی ہے،اس موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئےہیں۔ دوسری جانب  مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں نے کشمیریوں سے الیکشن کا بائیکاٹ کرنے کی درخواست کردی جب کہ وادی بھر میں آج  مکمل ہڑتال ہے۔

بھارت میں آئندہ اقتدار کس کے پاس ہو گیا ، عام انتخابات 2019 کے دوسرے مرحلے میں پولنگ جاری ہے ۔

دوسرے مرحلے میں 13 ریاستوں کے 95 حلقوں میں عوام اپنا حقِ رائے دہی استعمال کررہے ہیں  ، ان حلقوں میں تامل ناڈو، پدوچیری، کرناٹکا، مہاراشٹرا، اتر پردیش، آسام، بِہار، اُڑیسہ، چھتیس گڑھ، مَنی پور، تری پورہ اور مغربی بنگال شامل ہیں۔

ابتدائی طور پرالیکشن کمیشن کی جانب سے دوسرے مرحلے میں  97حلقوں میں ووٹنگ رکھی گئی تھی تاہم ایک حلقے میں سکیورٹی کے سبب ووٹنگ ملتوی کردی گئی۔

بھارت کی ریاست تامل ناڈو کے حلقے سے بڑی رقم برآمد ہونے کے سبب ووٹنگ ملتوی ہوئی۔ان حلقوں میں اب  23اپریل کو ہونیوالےتیسرے مرحلے میں ووٹنگ کروائی جائےگی۔

دوسرے مرحلے میں مقبوضہ کشمیر کے بھی کچھ حلقے شامل کیےگئےہیں تاہم حریت رہنماؤں کی اپیل پر کشمیریوں نے اس کا مکمل بائیکاٹ کیا ہے اور وادی بھر میں آج احتجاجاً مکمل ہڑتال کی گئی ہے۔

دوسرے مرحلے میں ووٹنگ کا  سلسلہ  مقامی وقت کے مطابق شام 6بجے تک جاری رہےگا ، سات مرحلوں پر مشتمل بھارت کے عام انتخابات 19 مئی کو ختم ہوں گے۔

 نتائج کا اعلان23 مئی کو کیا جائے گا۔