Thursday, March 28, 2024

بھارت میں شدید بارشیں‘ 188 افراد ہلاک‘ 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

بھارت میں شدید بارشیں‘ 188 افراد ہلاک‘ 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
December 2, 2015
چنئی (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست تامل ناڈو میں شدید بارشوں نے ایک صدی پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ چنئی میں بارشوں کے باعث ایک سو سینتیس برس پرانا اخبار شائع نہیں ہو سکا۔ چنئی ائیر پورٹ کے رن وے سمیت درجنوں ہوائی جہاز بھی پانی میں ڈوب گئے جبکہ پروازیں غیر معینہ مدت تک معطل ہوگئیں‘ دیگر چھ اضلاع میں بھی معمولات زندگی معطل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو میں شدیدبارشوں کا 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ بھارتی محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ چنئی شہر میں 60 فیصد حصے کو بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ ایئر پورٹ اسکولز اور کالجز سمیت کئی اہم سرکاری دفاتر بھی بند ہیں جبکہ چنئی میں سکولوں کو بند ہوئے سترہ روز گزر گئے ہیں۔ شہر میں شدید بارشوں کے باعث پروازوں اور ٹرینوں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ نہ صرف ریلوے ٹریک پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں بلکہ چنئی ائیر پورٹ کا رن وے بھی پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔ دوسری جانب پروازیں غیرمعینہ مدت کے لیے معطل ہیں۔ شہر کی اہم سڑکیں بھی سیلاب سے متاثر ہوئی ہیں جس سے اندرون وبیرون ملک جانے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ 137 سال تک مسلسل شائع ہونے والا اخبار ”دی ہندو“ بدھ کو شائع نہیں ہوسکا۔ ادھرتامل ناڈو میں گزشتہ کئی ہفتوں سے ہونے والی بارشوں سے اب تک 188 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔