Monday, May 20, 2024

بھارت میں خود ساختہ ہندو دیوی کی آؤ بھگت پولیس کو مہنگی پڑگئی

بھارت میں خود ساختہ ہندو دیوی کی آؤ بھگت پولیس کو مہنگی پڑگئی
October 6, 2017

نیو دہلی (92 نیوز) خود ساختہ ہندو دیوی کی آؤ بھگت دہلی کے ایک پولیس اسٹیشن کے عملے کو مہنگی پڑگئی۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو اعلیٰ حکام حرکت میں آگئے۔ ایس ایچ او معطل اور دیگر اسٹاف کو محکمانہ انکوائری کا سامنا کرنا پڑا۔
خود ساختہ ہندو دیوی رادھے ما جسے اپنے درمیان دیکھ کر پولیس اہلکار خود پر قابو نہ رکھ سکے اور جھوم جھوم کر بھجن اور گانے گاتے رہے۔ رادھے ما نے بھی انکی خوب حوصلہ افزائی کی لیکن کسی پولیس اہلکار کو یہ معلوم نہ تھا کہ انہیں سروں کا جادو جگانا کتنا مہنگا پڑنے والا ہے۔
دراصل رادھے ما ایک مذہبی جلوس کے دوران اپنے پیروکاروں کے ہمراہ دلی کے تھانے کے باہر آئی تو ہجوم کی وجہ سے تھانیدار اس کو پولیس اسٹیشن لے آیا۔
تھانے دار صاحب تو دیوی ماں کے کچھ زیادہ ہی معتقد نظر آئے۔ موصوف نے دیوی جی کو اپنی کرسی پر بٹھایا اور خود سچے بھگت کی طرح انکے سامنے ہاتھ جوڑ کر کھڑے رہے۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کی دیر تھی کہ گیم ختم ہو گئی۔
اب بیچارہ ایس ایچ او اور اسکا عملہ اعلٰی افسروں کے سامنے صفائیاں پیش کرتے پھر رہے ہیں۔