Thursday, April 18, 2024

بھارت میں حکومتی جنتا کرفیو  جنتا میدان میں بدل گیا

بھارت میں حکومتی جنتا کرفیو  جنتا میدان میں بدل گیا
March 23, 2020
نئی دہلی ( 92 نیوز)  بھارت  میں حکومت کا جنتا کرفیو ختم ہوتے ہی جنتا میدان میں بدل گیا، درجنوں لوگ بنا فاصلے کی پرواہ کیے بغیر بنا حفاظتی اقدامات کیے سڑکوں پر نکل آئے ، مودی نے عوام سے لاک ڈاؤن کو سنجیدگی سے لینے کی اپیل کردی ، بھارتی پنجاب میں کرفیو نافذکر دیا گیا ۔  پچھتر اضلاع کا لاک ڈاؤن ہوگیا، ملک میں کورونا سے مزید ایک مریض ہلاک اور انتیس نئے کیسز رپورٹ ہوگئے۔ بھارت میں جنتا کرفیو کے بعد جنتا میدان بن گیا ، مودی کا حکم سر آنکھوں پر ، کورونا کے خلاف برسرپیکار افراد کو شکریہ ادا کرنے سڑکوں پر ہی نکل آئے ، خوب نعرے لگائے ، سیٹیاں بجائیں اور روایتی ساز بجائے۔ کورونا کو بھگانے کے اس انداز میں کوئی سماجی فاصلہ اختیار کیا گیا نہ  کوئی حفاظتی تدابیر، درجنوں لوگ ایک ساتھ ایک ہی جگہ پر جنتاکرفیو کا جشن مناتے رہے۔ اس صورتحال نے مودی جی کے بھی ہوش ٹھکانے لگا دئیے ، ٹویٹ میں اپیل کہ لاک ڈاؤن کو سنجیدگی سے لیا جائے ، خود کو بھی بچائیں اور اپنے اہل خانہ کو بھی۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے پوری ریاست میں کرفیو نافذ کرنے کا حکم دے دیا ، مرکز کی جانب سے پہلے ہی 13 ریاستوں اور 75 اضلاع کا 31 مارچ تک لاک ڈاؤن کیا جاچکا ہے۔ بھارت میں اب تک چار سو سے زائد افراد میں کورونا کی تشخیص ہوچکی ہے ، جن میں سے آٹھ ہلاک ہوگئے ہیں۔جنتاکرفیو کے بعد متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔