Saturday, May 18, 2024

بھارت میں 2 ایپ سروسز نے ریکارڈ توڑ بلین ڈالرز کما لئے

بھارت میں 2 ایپ سروسز نے ریکارڈ توڑ بلین ڈالرز کما لئے
June 15, 2015
نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت میں ان دنوں ”ٹیکسی ایپ سروس“ مقبولیت کی بلندیوں کو چھو رہی ہے اور اب تک کئی بلین ڈالر کی انڈسٹری بن چکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی شہروں کی بھاری بھرکم ٹریفک کی صورتحال شہریوں کیلئے بہت زیادہ مسائل کا سبب کا بنتی ہے مگر اس کا حل ایک مقامی کمپنی Ola Cabs اور ایک امریکی کمپنی Uber نے ڈھونڈ نکالا ہے۔ دونوں کمپنیوں نے بھارتی شہروں کی بڑھتی ہوئی ٹریفک کے درمیان آسانی سے بک ہوجانے والی اور صاف ستھری ایئرکنڈیشن ٹیکسیوں کو متعارف کرایا ہے۔ اولا کیبز نے انٹرنیٹ کے ذریعے بک کی جانے والی بھارت میں اولین کمپنی کے طور پر اپنے کام کا آغاز محض پانچ برس قبل کیا تھا اور آج اس کی مالیت کا اندازہ دو بلین امریکی ڈالر کے برابر لگایا گیا ہے۔ اس کمپنی نے حال ہی میں اپنی ایک مسابقتی کمپنی ”ٹیکسی فار شور“ کو 200 ملین امریکی ڈالرز کے عوض خریدا ہے جبکہ اس وقت اولا کیب کی سروس ملک کے 100 سے زائد شہروں میں دستیاب ہے اور اس کی گاڑیوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ رواں برس جنوری میں اولا کیب سروس کو روزانہ دو لاکھ افراد استعمال کر رہے تھے جبکہ اسی ماہ یہ تعداد 10 لاکھ تک پہنچنے کی توقع ہے۔ اولا بہت جلد رکشہ سروس بھی شروع کرنے والی اور پھر اگلے مرحلے میں روزمرہ کا ساز وسامان لوگوں کے گھروں تک پہنچانے کی سروس بھی شروع کی جائےگی۔