Tuesday, May 14, 2024

بھارت مکمل طور پر فاشسٹ ریاست بننے والی ہے : جسٹس کاٹجو

بھارت مکمل طور پر فاشسٹ ریاست بننے والی ہے : جسٹس کاٹجو
November 3, 2015
نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ہر وقت ”اچھے دن آنے والے ہیں“ کی راگنی الاپتے ہیں لیکن بھارتی دانشور اور سابق جج مرکنڈے کاٹجو نے بھارت کے مستقبل کی تصویر کشی کی ہے۔ مرکنڈے کاٹجو کے مطابق بھارت ایک سال کے اندر مکمل طور پر فاشسٹ ریاست بننے کو ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے بھارت کے اچھے دنوں کی امید دلانے کے دعوے کے بخیئے بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج اور معروف دانشور جسٹس مرکنڈے کاٹجو نے ادھیڑے ہیں۔ بھارت کے معروف دانشور اور سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس مرکنڈے کاٹجو نے کہا ہے کہ بھارت میں کسی نہ کسی قسم کی فاشزم لازمی آنے والی ہے جس کے نتیجے میں جمہوریت، اظہار رائے اور شہری آزادی کو کچل دیا جائے گا۔ جسٹس مرکنڈے کاٹجو نے بی جے پی حکومت کے دوران ملک میں بڑھتی ہوئی مذہبی اور لسانی عدم برداشت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جسٹس مرکنڈے کاٹجو کا کہنا ہے کہ مودی حکومت ترقی کے نعرے کے ساتھ برسراقتدار آئی لیکن ترقی کانام و نشان نظر نہیں آتا بلکہ اس کی جگہ صفائی مہم، گھر واپسی، گڈ گورنینس ڈے، یوگا ڈے جیسے کرتب نظر آتے ہیں۔ حکومت کی موجودہ معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں بے روزگاری، غذائیت کی کمی، کسانوں کی خودکشی اور غربت میں اضافہ ہوگا۔ اس کے نتیجے میں حکومت دن بدن غیر مقبول ہوتی جائے گی۔ لوگ محسوس کریں گے کہ انھیں ٹھگ لیا گیا ہے۔ عوام کے اس احساس سے نمٹنے کے لئے حکومت عوام کو مذہبی خطوط پر تقسیم کرنے کی کوشش کرے گی۔ یہ اقدامات زیادہ دنوں تک موثر ثابت نہیں ہوں گے۔ ایسے میں حکومت کی جانب سے سخت اقدام کیے جائیں گے۔ دوسرے لفظوں میں ایک قسم کی ایمرجنسی لگائی جائے گی اور تمام شہری حقوق، اظہار رائے اور پریس کی آزادی اور تمام جمہوری اقدار کو کچل دیا جائے گا۔ جسٹس مرکنڈے کاٹجو کا کہنا ہے کہ یہ فاشزم کون سی شکل لے گا ابھی یہ بتانا مشکل ہے۔