Saturday, April 20, 2024

بھارت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے پاکستان پر حملہ آور ہو چکا ہے ، علی محمد خان

بھارت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے پاکستان پر حملہ آور ہو چکا ہے ، علی محمد خان
September 5, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا بھارت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے پاکستان پر حملہ آور ہو چکا ہے۔ وزیر مملکت علی محمد خان نے کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا مودی نے 5 اگست کو ہندوستان کی موت کے پروانے پر دستخط کیے۔ کشمیریوں نے مقبوضہ وادی میں سبز ہلالی پرچم ہلا کر اپنا فیصلہ دے دیا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ مودی کو وہ جواب دیا جائے جو سلطان ایوبی نے دیا تھا۔ علی محمد خان کا کہنا تھا ہر ظلم کا ایک نہ ایک انجام ہوتا ہے۔ یہ اس بات پر منحصر ہے کہ آپ کا لائحہ عمل کیا ہے ۔ مودی نے جو کیا ان کو خواب میں نہیں آیا تھا ۔ مودی اور آر ایس ایس جانتے ہیں انہوں نے کیا کرنا ہے۔ صرف واہ واہ سننے کے لئے باتیں کرنے سے کچھ نہیں ہوتا ۔ ہمیں بھی شش و پنج میں نہیں رہنا چائیے ۔ ہمیں بھی صاف پتہ ہونا چاہیے کہ ہم نے کیا کرنا ہے۔ وزیر مملکت علی محمد خان بولے تاریخ بتاتی ہے کہ ظلم کبھی باقی نہیں رہتا ۔ پانچ اگست کو بھارت نے جو کچھ کیا وہ اچانک نہیں پوری تیاری کے ساتھ کیا۔ انہوں نے کہا جو کہتے ہیں کہ جب بھارت ہم پر حملہ کرے گا تو اس کا جواب دیں گے۔ میں کہتا ہوں کہ بھارت نے ہم پر حملہ کردیا ہے اور ہم نے اس کے جواب کا فیصلہ کرنا ہے۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی فخر امام بولے دنیا نے کشمیر پر بات کرنا شروع کر دی۔ چین نے پاکستان پر جو مہربانی کی، وہ کوئی کر ہی نہیں سکتا۔