Sunday, May 5, 2024

بھارت مقبوضہ کشمیر میں سابق فوجیوں کی کالونیاں بنارہا ہے: مشعال ملک

بھارت مقبوضہ کشمیر میں سابق فوجیوں کی کالونیاں بنارہا ہے: مشعال ملک
January 21, 2017

اسلام آباد (92نیوز) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کہتی ہیں مقبوضہ کشمیر میں سابق بھارتی فوجیوں کی کالونیاں بنائی جارہی ہیں جبکہ مہاجرین کو ٹینٹوں میں رکھا گیا، پاکستان میں بھارتی فلموں کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ اقتصادی راہداری منصوبے نے بھارت کی نیندیں اڑا دیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کوپتہ ہونا چاہئے کہ سب سے بڑا دہشت گرد بھارت ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نے کشمیریوں پر مظالم کی انتہا کر دی۔ مسلمان محفوظ ہیں نہ مسیحی برادری اور نہ دلت ذات کے ہندو۔ کہتی ہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سن لیں دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ۔ یہ ایک مائنڈ سیٹ ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ اقتصادی راہداری میں برطانیہ اور روس کی شمولیت کے لئے دلچسپی نے بھارت کو پریشان کر دیا۔ محبوبہ مفتی مودی سرکار کی ایما پر منصوبے کے خلاف پروپیگنڈہ کررہی ہیں۔

کشمیری حریت رہنما کی اہلیہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کو کالونی بنانا چاہتا ہے۔ کشمیر کے حوالے سے انٹرنیشنل کشمیر کمیٹی بنائی جائے جس میں کشمیریوں کی بھی نمائندگی ہو۔ کشمیریوں کے لئے پاکستان کے چاروں صوبوں میں آگاہی مہم چلائیں گے۔ کہتی ہیں پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش کی بالکل اجازت نہیں ہونی چاہئے۔