Friday, April 26, 2024

بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے،یورپی ارکان پارلیمنٹ

بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے،یورپی ارکان پارلیمنٹ
March 2, 2019
لندن (92 نیوز) یورپی ارکان پارلیمنٹ نے بھی مطالبہ کر دیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے۔ یورپی پارلیمنٹ کے پاکستانی نژاد ارکان نے تاریخی کامیابی سمیٹ لی ، دی ہیگ میں پارلیمنٹ کی ہیومن رائٹس کمیٹی میں پہلی مرتبہ مسئلہ کشمیر پر  گفتگو کی گئی  جس کا سہرا پاکستانی نژاد  واجد خان ،سجاد کریم اور امجد بشیر کے سر گیا  ۔  پاکستانی نژاد ارکان پارلیمنٹ نے بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظالم  سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔ یورپی پارلیمنٹ ممبر برٹش پارلیمنٹ اور سابق ممبر یورپین پارلیمنٹ افضل خان نے بھی معاملہ اتھانے پر اہم کردار ادا کیا۔ ، یورپین پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر کی مخدوش صورتحال پر مذاکرہ ہوا، ارکان پارلیمنٹ نے اقوام متحدہ انسانی حقوق کمشنر کی رپورٹ کی حمایت اور بھارت کی مخالفت کی۔ ارکان کا کہنا تھا کہ بھارت نے  گزشتہ 71 سالوں سے مقبوضہ  کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کررکھا ہے ، نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے اور خواتین کی عصمت دری کی جارہی ہے ۔ میڈیا سے گفتگو میں ارکان پارلیمنٹ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا  حل بندوق سے نہیں بلکہ مذاکرات سے ہی ممکن ہے  اور اس سلسلے میں اقوام عالم کو بھارت پر دباؤ ڈالنا چاہیے ۔ ارکان پارلیمنٹ  نے مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے پر حکومت پاکستان کی  کاوشوں کو بھی سراہا۔