Tuesday, May 14, 2024

بھارت مشترکہ اعلامیے میں پلوامہ حملے اور پاکستان کا نام ڈلوانے میں ناکام

بھارت مشترکہ اعلامیے میں پلوامہ حملے اور پاکستان کا نام ڈلوانے میں ناکام
February 20, 2019
نیو دہلی (92 نیوز) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے پاکستان دورے پر بھارت مشترکہ اعلامیے میں پلوامہ حملے اور پاکستان کا نام ڈلوانے میں ناکام رہا۔ بھارتی میڈیا کی نفرت ، بدحواسیاں اور مضحکہ خیز رپورٹس سب بے سود ثابت ہوئی۔ مودی سرکار کی پلوامہ واقعہ پر گندی سیاست بے نقاب ہونے لگی۔ ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز بھارت کے دورہ پر پہنچے تو مودی نے ان کا استقبال کیا۔ شہزادہ سلمان کے پہنچنے کے بعد سے بھارتی میڈیا لگاتار پلوامہ واقعے میں پاکستان کو گھسیٹنے کی ناکام کوشش میں رہا کہ کسی طرح سعودی ولی عہد بھارتی سرزمین پر پاکستان کا نام لیں لیکن ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز پاکستان کا نام کیا لیتے۔ مشترکہ اعلامیہ میں پاکستان تو کیا کسی تنظیم تک کا ذکر نہیں کیا گیا۔ مشترکہ اعلامیہ کے بعد بھارتی میڈیا نے توپوں کا رخ اپنے ہی وزیراعظم کی جانب موڑ دیا۔ دو دن پہلے بھارتی میڈیا جو پاکستان کے خلاف نفرت انگیز مہم چلا رہاتھا آج مودی کے خلاف ہو گیا۔ بھارتی میڈیا نے مشترکہ اعلامیہ کو پاکستان کی جیت اور بھارتی عوام سے غداری سے ملا دیا۔ بھارتی میڈیا کا تو یہ بھی کہنا تھا کہ مودی سرکار اور بی جے پی پاکستان مخالف پالیسی سے ہٹ گئی ہے۔ مودی نے بہت مایوس کیا ہے۔ دوسری جانب وزارت خارجہ کی بریفنگ میں بھی سعودی عرب سے معاہدوں کی بات ہوتی رہی اور شہزادہ سلمان کی تعریفیں ہوتی رہیں لیکن پاکستان کا نام اس بریفنگ میں بھی نہیں لیا گیا۔