Friday, April 26, 2024

بھارت : ماں بیٹی نے عصمت دری سے بچنے کےلئے بس سے چھلانگ لگا دی، بیٹی ہلاک

بھارت : ماں بیٹی نے عصمت دری سے بچنے کےلئے بس سے چھلانگ لگا دی، بیٹی ہلاک
April 30, 2015
چندی گڑھ (ویب ڈیسک)بھارتی صوبہ پنجاب میں دوران سفر ماں بیٹی نے عصمت دری سے بچنے کیلئے بس سے چھلانگ لگا دی جس سے بیٹی موقع پر ہی ہلاک ہو گئی جبکہ ماں شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں زیرعلاج ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی پنجاب کے ضلع موگا میں نویں جماعت کی 14سالہ طالبہ امن دیپ کور اور اس کی والدہ 34سالہ شندر کور بس میں سوار تھیں کہ اوباشوں کے ایک ٹولے نے ماں بیٹی سے چھیڑ خانی شروع کر دی جس پر ماں نے شور مچایا اور ڈرائیور کو شکایت کی لیکن ڈرائیور نے اس پر کوئی رد عمل ظاہر نہ کیا۔ جب ماں بیٹی نے بس سے اترنے کی کوشش کی تو ڈرائیور نے بس کی رفتار بڑھا دی جس پر امن دیپ اور اس کی ماں نے شور مچا دیا اور چلتی بس سے چھلانگ لگا دی لیکن ان کی مدد کے لیے کوئی نہ آیا۔ نتیجتاً امن دیپ کور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی ہلاک ہو گئی جبکہ اس کی ماں شندر کور کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے جہاں وہ زیرعلاج ہے۔ پولیس نے بس کے ڈرائیور اور کنڈکٹر کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ بس ٹرانسپورٹ کمپنی کے مالک بھارتی پنجاب کے نائب وزیر اعلیٰ سکھبیر بادل ہیں۔