Saturday, April 20, 2024

بھارت علاقائی سطح پر امن و سلامتی کیلئے خطرات پیدا کر رہا ہے، دفتر خارجہ

بھارت علاقائی سطح پر امن و سلامتی کیلئے خطرات پیدا کر رہا ہے، دفتر خارجہ
December 24, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کہتے ہیں کہ بھارت علاقائی سطح پر امن و سلامتی کیلئے خطرات پیدا کر رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ بھارت کی ہتھیاروں، ٹیکنالوجی کی خریداری اس کی دفاعی ضروریات سے کہیں زیادہ ہے۔ بھارت کا علاقائی امن و سلامتی کے تناظر میں طرز عمل، غیرذمہ دارانہ ہے۔ وزارت خارجہ نے ڈس انفو لیب کا معاملہ غیر ملکی سفراء، بیرون ممالک سے اٹھایا۔ سارک انتہائی اہم تنظیم ہے، بیشتر رکن ممالک کی چارٹر کیساتھ عزم موجود ہے۔ سارک تنظیم میں پیشرفت میں ایک ملک رکاوٹیں پیدا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، بھارتی غیر قانونی اقدامات کے خلاف بیانات اور تردید تک محدود نہیں۔ پاکستان، نے بھارتی غیرقانونی امور کو قانونی انداز سے اقوام متحدہ اور دیگر دنیا میں اٹھا رہے ہیں۔ بھارت نے پروپیگنڈا کیلئے بیلجیئم، سوئٹزرلینڈ کی سرزمین استعمال کی۔ پاکستان بھارتی غیرقانونی اقدامات کو تمام ممالک کیساتھ اٹھا رہا ہے۔

زاہد حفیظ چودھری بولے کہ اسرائیل کے بیان پر جو سوچ ہے وہ اسرائیل ہی بتا سکتا ہے۔ پاکستان پر اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق کوئی دباؤ نہیں۔ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔ وزیراعظم، وزیر خارجہ کے بیانات واضح ہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات، پاکستان کے مابین قریبی برادرانہ تعلقات ہیں۔ متحدہ عرب امارات کا بھی پاکستان پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے دباؤ نہیں۔ پاکستان نے اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن پر بھارتی حملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ پاکستان نے بھارتی حملے کی تحقیقات کیلئے خط بھی لکھا۔ اقوام متحدہ کی جانب سے جاری تحقیقات کا انتظار کیا جانا چاہیے۔