Thursday, April 25, 2024

بھارت سے شکست پرخود کشی کا سوچا تھا:مکی آرتھر

بھارت سے شکست پرخود کشی کا سوچا تھا:مکی آرتھر
June 25, 2019
لاہور(92 نیوز ) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت کیخلاف میچ میں پاکستانی ٹیم کی ناکامی کے بعد انہوں نے خودکشی کے بارے میں سوچا تھا ۔ بھارت کیخلاف قومی ٹیم کی شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کی پرفارمنس کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ کپتان سرفراز احمد کی میچ کے دوران جمائی لینے کی ویڈیو اور کوچ مکی آرتھر پر بھی کڑی تنقید کی گئی تھی۔ جنوبی افریقہ کیخلاف میچ میں کامیابی کے بعد مکی آرتھر نے پریس کانفرنس کے دوران انکشاف کیا کہ گزشتہ اتوار کو بھارت کیخلاف شکست کے بعد انہوں نے خودکشی کے بارے میں سوچا تھا لیکن پھر خود کو اور کھلاڑیوں کو سمجھایا کہ یہ صرف ایک بری پرفارمنس تھی،سوشل میڈیا ، میڈیا اور عوام کی کڑی تنقید کے باعث کھلاڑی بہت مایوس تھے اور کئی راتوں تک ٹھیک سے سو بھی نہیں سکے ۔ مکی آرتھر کا مزید کہنا تھا کہ وہ صرف یہ جانتے ہیں کہ جب بھی قومی ٹیم کیلئے کرو یا مرو کا وقت آتا ہے تب یہ کھلاڑی اپنی بہترین پر فارمنس دیتے ہیں،امید ہے کہ آج کی اس کارکردگی نے بہت سے لوگوں کی زبانیں بند کردی ہوں گی،یہ دیکھنے کے لائق ہے کہ صرف ایک ہفتہ کیا کچھ کرسکتا ہے ۔ مکی آرتھر کا مزید کہنا تھا کہ جب بھی پاکستانی ٹیم بہترین کرکٹ کھیلے تو کسی کو بھی ہرا سکتی ہے ،پھر چاہے وہ جنوبی افریقہ ہو، نیوزی لینڈ ہو یا بنگلہ دیش۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک دوسرے سے یہی کہہ رہے تھے کہ صرف ایک اچھی کارکردگی ہمارے حوصلے بڑھا سکتی ہے اور جنوبی افریقہ کیخلاف میچ میں جس طرح فخر زمان اور امام الحق نے آغاز فراہم کیا اور پھر حارث سہیل نے بیٹنگ کی، باؤلرز نے بھی اچھی کارکردگی دکھائی اور ہم جیت گئے ۔