Saturday, May 4, 2024

بھارتی کارروائی پر پاکستان جواب دینے کا حق رکھتاہے ، وزیر خارجہ

بھارتی کارروائی پر پاکستان جواب دینے کا حق رکھتاہے ، وزیر خارجہ
February 26, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  بھارت نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی،پاکستان مناسب جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔وزیراعظم نے موجودہ صورتحال پراجلاس طلب کرلیا ہے۔ بھارتی فضائیہ کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی  پر وزارت خارجہ میں ہنگامی اجلاس ہوا جس کے بعد خارجہ پالیسی  کا بیان دیتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مناسب جواب دینے کا حق رکھتا ہے ۔ وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس میں سابق خارجہ سیکرٹریز، سینئر سفراءاوراعلیٰ حکام نےشرکت کی ،صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر مشاورت کی گئی۔ اجلاس سے قبل گفتگو میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انہوں نے ری ایکشن نہیں دینا ایکشن کرنا ہے، ناپاک حرکت پر بھارت ہوش کے ناخن لے،قوم کو گھبرانے کی ضرورت نہیں،محافظ تیار ہیں۔ شاہ محمودقریشی کہتے ہیں  بھارت سیاسی مقاصد کیلئے خطے کے امن کو داؤ پر لگا رہا ہے، عزائم  ناکام کرکے دکھائیں گے، پلوامہ ڈرامے والے دن سے پاکستان نے اپنا مؤقف دنیا کے سامنے رکھا ہے۔ وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پرامن لوگ ہیں ،امن سے رہنا چاہتے ہیں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط لکھا، متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ،یورپی یونین حکام سے بھی بات ہوئی۔